میوزیم میں پڑا 'چشمہ' ، شرارت یا آرٹ؟

26 مئ 2016
فوٹو بشکریہ/ ٹی جے ٹوئٹر اکاؤنٹ—۔
فوٹو بشکریہ/ ٹی جے ٹوئٹر اکاؤنٹ—۔

سان فرانسکو: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسکو میں واقع سان فرانسکو میوزیم آف ماڈرن آرٹ کے فرش پر موجود ایک چشمے نے وہاں آنے والے شائقین کو حیرت میں ڈال دیا۔

ایک آرٹ نمائش کے دوران جہاں شرکاء دیگر تخلیقی نمونے دیکھ رہے تھے، وہیں ایک چشمے نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی جو فرش پر 'بے یارومددگار' پڑا تھا۔

بہت سے شرکاء اس چشمے کو دیکھنے قریب آئے اور کچھ نے اس کی تصاویر بھی اتارنا شروع کردیں، لیکن اُس وقت تک کسی کو بھی اس کی حقیقت معلوم نہ ہوئی، جب تک اس چشمے کے مالک نے آکر اسے فرش سے اٹھا نہ لیا۔

بز فیڈ نیوز کے مطابق بے ایریا کے رہائشی ایک 17 سالہ نوجوان ٹی جے کھایاتن نے حال ہی میں اپنے ایک دوست کے ساتھ میوزیم کا دورہ کیا۔

اب جبکہ دونوں نمائش سے لطف اندوز ہو رہے تھے، آرٹ کے کچھ نمونے انھیں ایک آنکھ نہ بھائے، لہذا انھیں ایک شرارت سوجھی اور ٹی جے نے اپنا چشمہ میوزیم کے فرش پر رکھ چھوڑا۔

اس چشمے کو بھی لوگوں نے کوئی تخلیقی نمونہ سمجھ کر اس کی تصاویر لینا شروع کردیں۔

ٹی جے نے ان لمحات کو کیمرے کی آنکھ میں قید کرکے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی پوسٹ کیا۔

ٹی جے کا مزید کہنا تھا کہ سب سے عجیب لمحہ وہ تھا جب وہ اپنا چشمہ اٹھانے کے لیے گئے.

لیکن ایک بات تو ہے کہ ٹی جے کا یہ سادہ سا چشمہ ایک دم مشہور ضرور ہوگیا اور ان کی ٹوئٹر پوسٹ وائرل ہوگئی جسے اب تک 45 ہزار سے زائد مرتبہ ری ٹوئیٹ کیا جاچکا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں