کیا سونم کپور بھی ہولی وڈ جارہی ہیں؟

اپ ڈیٹ 23 جون 2016
بولی وڈ اداکارہ سونم کپور — فوٹو/ پبلسٹی
بولی وڈ اداکارہ سونم کپور — فوٹو/ پبلسٹی

ممبئی: بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور دپیکا پڈوکون کے ہولی وڈ میں قدم جمانے کے بعد خبریں تھیں کہ سونم کپور نے بھی ہولی وڈ میں کسی کردار کے لیے آڈیشن دیا ہے تاہم اداکارہ نے ان افواہوں کی تردید کردی۔

ہندوستانی ویب سائٹ 'پنک ولا' کی رپورٹ کے مطابق سونم کپور نے حال ہی میں امریکا کے شہر لاس اینجلس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہولی وڈ فلم کے لیے آڈیشن دیا، جبکہ یہاں تک بھی کہا گیا کہ ان کے والد انیل کپور نے سونم کو ہولی وڈ میں کردار دلانے کے لیے سفارش بھی کی ہے۔

تاہم مذکورہ رپورٹ کا علم ہوتے ہی سونم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا سہارا لیا اور اپنے پیغامات کے ذریعے ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

سونم کا کہنا تھا ’سنیپ چیٹ اور انسٹاگرام پر یہ بات پھیلی ہوئی ہے کہ میں لاس اینجلس میں ہوں، یہ اتنی خفیہ بات کیسے ہوسکتی ہے؟ میری بہن کی فلم کی پری پروڈکشن چل رہی ہے‘۔

بولی وڈ میں اپنی کامیاب فلموں ’خوبصورت‘ اور ’نیرجا‘ سے نام کمانے والی سونم کپور نے اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ ان کے والد ہولی وڈ میں ان کے لیے سفارش کریں گے۔

انہوں نے کہا ’ہاں، ہاں! میں لاس اینجلس میں ہوں، ڈیڈی پلیز میرے لیے ہولی وڈ میں سفارش کریں‘۔

سونم کی ٹوئیٹس کے بعد پنک ولا نے اپنی رپورٹ میں کچھ تبدیلی کردی، تاہم سونم کو یہ 'تبدیلی' بھی کچھ خاص پسند نہ آئی اور انھوں نے دوبارہ ٹوئیٹ کی۔

ان کا کہنا تھا ’ہیڈلائن تبدیل کرنے کا شکریہ، لیکن خبر میں موجود حقائق اب بھی غلط ہیں‘۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں