بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمالی علاقے میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق عراق کے سیکیورٹی اور میڈیکل حکام نے بتایا کہ خود کش دھماکا خادمیہ کے علاقے میں موجود ایک اہم امام بارگاہ کی سیکیورٹی کیلئے قائم چیک پوسٹ پر ہوا، اس حملے میں 29 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ادھر داعش نے ایک جاری بیان میں خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ حملے کا نشانہ فوجی اہلکار اور حکومت حامی پیراملٹری فورسز اہلکار تھے۔

خیال رہے کہ داعش نے گذشتہ کچھ عرصے سے حکومتی فورسز اور ان کی حمایت یافتہ ملیشیا پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے، جنھیں وہ مرتد قرار دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بغداد کے وسطی علاقے کی ایک مارکیٹ میں ہونے والے داعش کے خود کش دھماکے میں 292 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے کچھ روز بعد داعش نے دارالحکومت میں ہونے والے ایک اور خود کش دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی، جس میں 40 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں