دنیا بھر میں جینز کی پتلونوں کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ انہیں کب دھونا چاہیے؟

آپ مانیں یا نہ مانیں لیکن فیشن ماہرین کا ماننا ہے کہ جینز کی پتلونوں کو جتنا ہوسکے دھونے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ گرم پانی اور ڈیٹرجنٹ اس کے رنگ اڑانے کا عمل تیز کردیتے ہیں۔

معروف کمپنی لیوی کے سی ای او چپ برگ کے بقول " لوگوں کو اپنی جینز کو دھونا چھوڑ دینا چاہیے جو کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے اچھا ہے کیونکہ اس سے پانی اور توانائی کی بچت ہوگی"۔

ان کا کہنا تھا، 'اگر آپ مجھ سے پوچھیں تو اپنی نیلی جینز کو نہ دھونا ہی بہتر ہے'۔

یہ مشورہ ہوسکتا ہے بیشتر افراد کے لیے قابل قبول نہ ہو، تاہم نہ دھونے کے نتیجے میں اٹھنے والی بو سے قطع نظر طبی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ جینز کو نہ دھونا صحت پر کوئی مضر اثرات مرتب نہیں کرتا۔

آسٹریا کی انزبرک یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ جینز کو نہ دھونا صحت کے لیے خطرناک ہے، خاص طور پر اگر آپ اسے عام روزمرہ کے کاموں کے لیے پہنتے ہوں۔

اگرچہ جینز کو نہ دھونا بظاہر صحت کے لیے خطرہ نہیں بنتا مگر اس میں پیدا ہونے والی بو ضرور مسئلہ ہے۔

اس بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ جینز کی پتلون کو کچھ عرصے استعمال کے بعد فریزر میں جما دینے سے اس میں پیدا ہونے والے بیکٹریا مر جاتے ہیں جبکہ بو ختم ہوجاتی ہے۔

تاہم ایسے سائنسی شواہد موجود نہیں کہ یہ طریقہ کار موثر ہے۔

تاہم یہ واضح ہے کہ اگر ماہرین کی بات پر یقین کیا جائے تو طویل عرصے تک جینز کی پتلون کو نہ دھونے میں کوئی برائی نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

ahmakadami Jul 29, 2016 02:31am
اس بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ جینز کی پتلون کو کچھ عرصے استعمال کے بعد فریزر میں جما دینے سے اس میں پیدا ہونے والے بیکٹریا مر جاتے ہیں جبکہ بو ختم ہوجاتی ہے۔Not scientifically proved. MOreover, ther is dange of skin diseaeses