ہندوستان، نیپال میں طوفان سے 90 سے زائد ہلاکتیں

28 جولائ 2016
نیپال میں آرمی آفیسر طوفان سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر رہا ہے۔ — فوٹو: رائٹرز
نیپال میں آرمی آفیسر طوفان سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر رہا ہے۔ — فوٹو: رائٹرز

کٹھمنڈو: ہندوستان اور نیپال میں طوفان اور لینڈ سلائیڈ سے 90 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 20 لاکھ بے گھر ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق نیپال میں مون سون کی موسلا دھار بارشوں نے زیادہ تباہی مچائی، جہاں سیکڑوں مکانات اور پُل تباہ ہوگئے۔

نیپالی وزارت داخلہ کے نائب ترجمان جھنکا ناتھ دھکَل نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ گزشتہ پیر سے اب تک ملک میں طوفان اور تودے گرنے سے 73 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو نکالنے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان میں طوفان سے 22 افراد ہلاک،لاکھوں بے گھر

نیپالی آرمی کی جانب سے جاری تصاویر میں، متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو اپنے گھروں کی چھتوں پر مدد کے انتظار میں کھڑا دکھایا گیا ہے۔

حالیہ طوفان اور بارشوں سے سب سے زیادہ کٹھمنڈو سے 250 کلو میٹر مغرب میں واقع ضلع پیوتھان متاثر ہوا، جہاں درجنوں مکانات صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔

ہندوستان اور نیپال میں ہر سال مون سون کی بارشوں کے دوران طوفان اور تودے گرنے سے متعدد افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔

نیپال میں صورتحال اس سال زیادہ مایوس کن اس لیے نظر آرہی ہے، کیونکہ گزشتہ سال آنے والے زلزلے میں تباہی کے باعث اب تک لاکھوں نیپالی ٹینٹس میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

نیپال میں گزشتہ سال آنے والے تباہ کن زلزلے میں تقریباً 9 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

طوفان نے ہندوستان کے دور دراز شمال مشرقی ریاست آسام کو بھی متاثر کیا، جہاں دریا کا پانی آبادیوں میں داخل ہونے کے باعث اب تک 19 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

آسام کے وزیر اعلیٰ سربنَندا سنووال نے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ حالیہ طوفان نے 3 ہزار گاؤں اور 21 اضلاع کو متاثر کیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 20 لاکھ افراد بے گھر ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طوفان سے متاثرہ افراد کو ریلیف کیمپس میں منتقل کردیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں