چین میں سمندری طوفان 'ندا' کا انتباہ جاری

31 جولائ 2016
جولائی کے آغاز میں آنے والے سمندری طوفان 'نیپارتک' کی وجہ سے 4 لاکھ شہری بے گھر ہوئے تھے—فائل فوٹو/ رائٹرز
جولائی کے آغاز میں آنے والے سمندری طوفان 'نیپارتک' کی وجہ سے 4 لاکھ شہری بے گھر ہوئے تھے—فائل فوٹو/ رائٹرز

بیجنگ: چین نے سمندری طوفان 'ندا' کے حوالے سے انتباہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ طوفان جنوبی صوبے گوانگ دونگ سے ٹکرا سکتا ہے اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوسکتی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کے حوالے سے بتایا کہ نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر نے سمندری طوفان ندا کے حوالے سے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مشرقی چین میں بدترین طوفان، 98 افراد ہلاک

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کی وجہ سے گوانگ دونگ، فوجیان، ہینان کی ساحلی پٹیوں پر تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ 'ندا' رواں برس چین سے ٹکرانے والا چوتھا سمندری طوفان ہوگا جبکہ جون سے اب تک قدرتی آفات کے نتیجے میں 800 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور یہ 2011 کے بعد سے بدترین صورتحال ہے۔

رپورٹس کے مطابق طوفان اس وقت فلپائن کے ساحلوں کے قریب ہے اور یہ ہانگ کانگ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان ندا کی وجہ سے 38 سے 45 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔

جولائی کے آغاز میں بھی چین میں آنے والے طوفان 'نیپارتک' کی وجہ سے 4 لاکھ 20 ہزار شہری بے گھر ہوگئے تھے اور صرف صوبہ فوجیان میں 1.07 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔

واضح رہے کہ چین میں گرمیوں کے دوران اکثر بڑے طوفان اور آفات آتی رہتی ہیں، گزشتہ سال ینگتزے دریا میں کشتی طوفان کی نذر ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم 442 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ صرف 12 افراد بچ پائے تھے۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں