کیرالا: ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان، پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی ریاست کیرالا کے ساحلی شہر کوزیکوڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران نریندر مودی نے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک طرف ہندوستان سوفٹ ویئر برآمد کر رہا ہے، تو دوسری جانب پاکستان دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اُڑی میں دہشت گردوں نے 18 ہندوستانی فوجیوں کو ہلاک کیا لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ہندوستان اس حملے کو کبھی نہیں بھولے گا، حملے کے بعد پورے ملک میں غصے کی لہر پائی جاتی ہے جبکہ یہ حملہ تب ہوا جب ہمارے پڑوسی ملک نے کشمیر میں دہشت گردی کو فروغ دیا، لیکن ایک دن آئے گا جب پاکستانی عوام خود دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے اپنی ہی حکومت کے خلاف ہوجائیں گے۔‘

یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں ہندوستانی فوجی مرکز پر حملہ، 18 اہلکار ہلاک

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ چند ماہ کے دوران ہندوستانی فورسز، کشمیر میں 110 سے زائد ’دراندازوں‘ کو ہلاک کرچکی ہے اور میں پاکستانی عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہندوستان آپ سے لڑائی کے لیے تیار ہے، اگر آپ میں ہمت ہے تو آگے بڑھیں اور ہندوستان کے ساتھ غربت، بیروزگاری اور ناخواندگی کے خاتمے کی جنگ کریں، پھر دیکھتے ہیں کون اس میں سرخرو ہوتا ہے۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’ہندوستان پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے اور اپنی اس مہم میں مزید تیزی لائے گا تاکہ پاکستان مکمل طور پر تنہا ہوجائے۔‘

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مشترکہ جنگی مشقوں میں حصہ لینے کے لیے روس کا فوجی دستہ گزتہ روز راولپنڈی پہنچا تھا، جبکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے چین اور برطانیہ کے وزرائے اعظم اور ترک و ایرانی صدور سے ملاقاتیں بھی کی تھیں جس سے نریندر مودی کے اس دعوے کی سچائی سامنے آتی ہے۔

یاد رہے کہ اتوار کے روز جموں و کشمیر کے اُڑی سیکٹر میں ہندوستانی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر مسلح افراد کے حملے میں 18 فوجی ہلاک ہوئے تھے، جبکہ جوابی کارروائی میں 4 حملہ آوروں کو بھی مار دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کشمیر:ہندوستانی فوج کا 10 دراندازوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

ہندوستان کی جانب سے حملے کا الزام ایک بار پھر بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر لگاتے ہوئے کہا گیا کہ حملہ آوروں کا تعلق مبینہ طور پر کالعدم جیش محمد سے تھا جو پاکستان سے داخل ہوئے۔

تاہم پاکستان نے بغیر کسی شواہد کے لگائے گئے اس الزام کو سختی سے مسترد کردیا۔

بدھ کے روز بھی ہندوستانی فوج نے اڑی سیکٹر میں 10 دراندازوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں