’اہم سیکیورٹی اجلاس کی خبر لیک ہونا قومی سلامتی کی خلاف ورزی‘

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2016
چیف آف آرمی اسٹاف کی زیر صدارت کورکمانڈر کا اجلاس ہوا—فوٹو: آئی ایس پی آر
چیف آف آرمی اسٹاف کی زیر صدارت کورکمانڈر کا اجلاس ہوا—فوٹو: آئی ایس پی آر

راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ راحیل شریف کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس سے متعلق جھوٹی اور من گھڑت خبر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کو قومی سلامتی کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

پاک فوج کے تعقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں کور کمانڈرکانفرنس ہوئی جس میں کورکمانڈرز اور پرنسل اسٹاف افسران نے شرکت کی، اجلاس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس میں وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کی غلط معلومات کو عام کرنے پر تشویش کااظہار کیا گیااور اس کو قومی سلامتی کی خلاف ورزی سے تعبیر کیا گیا۔

واضح رہے کہ ڈان کے صحافی سیرل المیڈا نے 3 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس کے حوالے سے خبر دی تھی کہ حکومت نے انتہائی محتاط اور غیر معمولی طور پر واضح طریقے سے عسکری قیادت کو یہ پیغام پہنچادیا کہ عالمی سطح پر تیزی سے پاکستان تنہا ہورہا ہے جبکہ ریاستوں کی جانب سے کئی اہم معاملات پر کارروائیوں کے لیے اتفاق رائے کا بھی تقاضہ کردیا۔

بعد ازاں وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اس خبر کی تین دفعہ تردید جاری کردی گئی تھی اور سیرل المیڈا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم آفس نے ڈان کی خبر ایک بار پھر مسترد کردی

کور کمانڈرکانفرنس میں ہندوستان کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے اس کو مقبوضہ کشمیر میں معصوم افراد کے خلاف بھارتی فوج کے مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا گیا۔

کانفرنس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی غیر ذمہ دارانہ مہم جوئی کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

گزشتہ ماہ کے اواخر میں ہندوستانی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کیا گیا جس کو پاک فوج نے جھوٹ قرار دیا تھا۔

کورکمانڈر کانفرنس کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج مادر وطن کی کسی بھی قیمت میں دفاع کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سرجیکل اسٹرائیکس کابھارتی دعویٰ 'جھوٹا'، فائرنگ سے 2 پاکستانی فوجی جاں بحق

آرمی چیف نے اندرونی سلامتی کےلیے جاری کوشش کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے باعث پاکستان کو ترقی اور خوش حالی کے نئے دور میں ڈھالنے کے مقاصد حاصل کئے جارہے ہیں۔

کانفرنس کے شرکا نے ملک کے طول وعرض میں دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے کومبنگ اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر چلنے والے آپریش کو جاری رکھنے اور دہشت گردی اوراس سے متعلق دیگر مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا پختہ عزم کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Arshad Oct 15, 2016 12:02pm
I think military leaders should refrain from attending meetings in PM House, as it is not safe place to conduct meetings on national security.