شاہد آفریدی کی سوانح حیات اگلے برس

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2016
شاہد آفریدی — فوٹو/ فائل
شاہد آفریدی — فوٹو/ فائل

پاکستان کے سب سے مقبول کھلاڑی شاہد خان آفریدی کی سوانح حیات اگلے سال شائع کی جائے گی۔

اس کتاب کا نام ’شاہد آفریدی: این آٹوبائیوگرافی‘ رکھا گیا ہے جسے ایمی ایوارڈز میں نامزد ہونے والے صحافی وجاہت ایس خان نے تحریر کیا، اس کتاب میں شاہد آفریدی کی زندگی کی داستان بیان کی گئی ہے۔

ہندوستان کی بک پبلشنگ کمپنی ہارپر کولنز انڈیا نے اس خبر کا اعلان فیس بک پر کیا۔

16 سال کی عمر میں اپنا نام بنانے والے اور 1996 میں صرف 37 گیندوں پر سنچری کرنے والے شاہد آفریدی نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’اپنے کرکٹ کیریئر کے ان کئی سالوں میں، میں نے کئی انٹرویوز دیئے اور کئی درجن ٹی وی شوز کیے ہیں، لیکن میری کتاب میں آپ وہ کہانیاں پڑھیں گے جن کے بارے میں، میں نے کبھی بات نہیں کی، میرے پاس اپنے مقاصد، اپنی ہار، اپنے ڈر، اپنے بھروسے کو لے کر کہنے کو بہت کچھ ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس کتاب میں، میں نے اپنی دشمنیوں اور دوستیوں کا ذکر کیا ہے خاص طور پر بھارتیوں کے ساتھ، جبکہ فوج کے ساتھ میری حماقتیں اور سیاست میں عمل دخل کا ذکر بھی موجود ہے‘۔

شاہد آفریدی کا پبلشنگ کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا، ’مجھے فخر ہے کہ میں نے وجاہت بھائی جیسے صحافی کے ساتھ کام کیا اور میں پبلشرز کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے موقع دیا‘۔

وجاہت خان نے شاہد آفریدی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو کافی بہترین اور کسی حد تک خوفناک بھی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا ’دنیا میں کرکٹ کے سب سے بہترین آئیکون کے ساتھ کام کرنا اور ان کا انٹرویو کرنا کافی مشکل تھا، جہاں مجھے مزہ آیا وہیں میرے لیے یہ تجربہ خوفناک بھی تھا‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’شاہد آفریدی کی زندگی پر بنائی جانے والی کتاب صرف آفریدی اور کرکٹ کے بارے میں نہیں بلکہ ایسی کئی کہانیوں کے بارے میں ہے جن کو ہم نے نہیں سُنا— ایک ایسا بچہ جو اپنے والدین کو غربت سے باہر لانا چاہتا تھا، ایک ایسا کپتان جو کوشش کرتا کہ اپنے کرپٹ ساتھیوں کی شکایت نہ کرے اور بھارتی شائقین کو ہار دکھانے والا ایک بہادر پشتون‘۔

ہارپر کولنز انڈیا کے چیف ایڈیٹر اور پبلشر کارتھیکا وی کے کا کہنا تھا کہ ’شاہد آفریدی کی کتاب ہارپر اسپورٹس کی فہرست میں بہترین شمولیت ہے اور میں شاہد آفریدی اور وجاہت کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے پرجوش ہوں‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں