'پش اپس' لگانے کا مقصد کسی پر تنقید نہیں تھا، مصباح

29 اکتوبر 2016
ویسٹ انڈیز کے خلاف شارجہ میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل مصباح الحق ٹریننگ میں مصروف ہیں— فوٹو: اے ایف پی
ویسٹ انڈیز کے خلاف شارجہ میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل مصباح الحق ٹریننگ میں مصروف ہیں— فوٹو: اے ایف پی

شارجہ: پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے قومی ٹیم کے پُش اپس لگانے پر حکومتی اراکین کی تنقید پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پش اپس لگانے کا مقصد کسی پر تنقید کرنا نہیں بلکہ آرمی ٹرینرز سے کیے گئے وعدے کو پورا کرنا تھا۔

دورہ انگلینڈ کے دوران پاکستانی ٹیم نے کامیابیوں پر انوکھے کے انداز میں جشن مانتے ہوئے پش اپس لگائے تھے جسے دنیا بھر میں بہت پسند کیا گیا تھا۔

البتہ بدھ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے حکومتی رکن رانا محمد افضل خان نے پش اپس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا کرکٹ سے کوئی تعلق نہیں، مصباح اور دیگر کھلاڑی پش اپس لگا کر دنیا کو کیا پیغام دینا چاہ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'کھلاڑیوں نے پُش اپس لگا کر کس کو پیغام دیا'

مصباح الحق نے اس بے جا تنقید کا جواب دیتے ہوئے وضاحت کی کہ اس جشن کا مقصد پاکستان آرمی کے ٹرینرز کو خراج تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے کاکول میں لگے کیمپ میں سخت محنت کر کے پاکستانی کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ کیلئے بہترین انداز میں تیاریاں کرائیں۔

رانا افضل کے اعتراض پر مصباح نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ ہمارا پیغام بہت واضح تھا, ہمارے ذہن میں کوئی متنازع بات نہیں تھی، ہمارا مقصد کسی حریف کی تضحیک تھا اور نہی ہی کسی پر کچھ ثابت کرنا۔

پاکستان کرکٹ میں 'پش اپ' لگانے کا سلسلہ اُس وقت شروع ہوا جب قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے انگلینڈ کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار سنچری کے بعد سیلیوٹ کرکے 10 پُش اپس لگائے۔

مصباح الحق نے اپنے غیرروایتی جشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے آرمی کے جوانوں سے وعدہ کیا تھا کہ اگر کبھی سنچری اسکور کی تو میں ضرور پش اپس لگاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر بورڈ نے پش اپس کرنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی اور کوئی کھلاڑی جس طرح بھی چاہے پُش اپس لگا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آخر ہر کوئی پش اپس کیوں لگا رہا ہے؟

لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف فتح کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم نے ڈنڈ نکالے تھے جبکہ ایجبسٹن میں سنچری اسکور کرنے کے بعد نائب کپتان اظہر علی نے بھی اسی انداز سے جشن منایا تھا۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اعتراض پر پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے جواب سدیتے ہوئے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کو پش گانے سے روک دیا ہے اور اب وہ مزید پش اپس نہیں لگائیں گے۔

تاہم بعد میں ٹوئٹر پر انہوں نے اپنے پیغام میں اس بات کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی جس طرح بھی چاہیں جشن منا سکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں