پیپلز پارٹی اپوزیشن کو ایک کنٹینر پر لانے کیلئے کوشاں
ایک ایسے وقت میں جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پاناما لیکس کے معاملے پر 'انصاف' نہ ملنے کی صورت میں دوبارہ سڑکوں پرآنے کے لیے پر تول رہی ہے، تو اسی دوران پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) 27 دسمبر کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک کنٹینر پر لانے کیلئے کوششیں کررہی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا کا کہنا ہے ان کی جماعت اپنے چار مطالبات منوانے کے لیے 'سولو فلائٹ' نہیں کرے گی اور احتجاج میں شمولیت کے سلسلے میں تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں سے بات چیت کی جارہی ہے۔
ڈان نیوز کے پروگرام 'دوسرا رخ' میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت بسرا نے کہا کہ اس سلسلے میں تحریک انصاف، جماعتِ اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ بھی مشاورت کی جارہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ 'پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کہ 27 دسمبر کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان اور دیگر جماعتوں کی قائدین بھی ایک ہی کنٹنیر پر موجود ہوں، کیونکہ ہم سب کا مقصد ایک ہی ہے'۔
شوکت بسرا کے مطابق پی پی پی کی کوشش ہے کہ یہ جماعتیں ایک کنٹینر پر آنے کیلئے رضامند ہوجائیں، لیکن اگر ایسا نہ بھی ہوا تو دو کنٹینرز کا آپشن بھی زیر غور ہے۔
اس سوال پر کہ ماضی میں تو جب پی ٹی آئی سڑکوں پر آئی تب تو پیپلز پارٹی ان کے ساتھ شامل نہیں ہوئی تو کیا اب وہ آپ کے ساتھ آئیں گے ؟ تو پی پی رہنما نے کہا کہ جو کچھ پہلے ہوا وہ خود تحریک انصاف کا اپنا فیصلہ تھا جس میں کسی کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، لیکن یہ تحریک تمام اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ چلے گی جس کا فیصلہ ہوچکا ہے۔
'پاناما کیس پر سپریم کورٹ سے مایوسی ہوئی'
پروگرام میں موجود تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'پاناما لیکس کے مقدمے میں سپریم کورٹ نے ناصرف قوم، بلکہ ان کی جماعت کو مایوس کیا'۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جس طرح سے عدالت نے مقدمے کی سماعت کو ملتوی کیا، اس سے عوام کا اداروں پر سے اعتماد مزید کم ہوگیا ہے اور آج ہر پاکستانی یہ سمجھتا ہے کہ پاناما کیس میں وزیراعظم نواز شریف کو سزا نہیں ہوگی۔
تاہم، انھوں نے کہا 'اگرچہ ماضی میں ہونے والی سماعتوں سے کچھ حاصل نہ ہوسکا، لیکن ہمیں نئے سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس سے امید ہے'۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی نے 4 مطالبات نہ مانے جانے کی صورت میں رواں ماہ27 دسمبر سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ پی ٹی آئی پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ وہ اس تحریک کا حصہ نہیں بننے گی۔
یہ خبر 25 دسمبر کو نشر ہونے والے ڈان نیوز کے پروگرام 'دوسرا رخ' سے عادل عزیز خانزادہ نے تحریر کی ہے۔











لائیو ٹی وی