‘غیر ملکی کھلاڑی آئیں یا نہیں لیکن فائنل پاکستان میں کرائیں’

20 فروری 2017
شاہد خان آفریدی نے حال ہی میں عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
شاہد خان آفریدی نے حال ہی میں عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

شارجہ: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے مطالبہ کیا ہے کہ چاہیے غیر ملکی کھلاڑی آئیں یا نہ آئیں لیکن پاکستان سپر لیگ کا فائنل اعلان کے مطابق ہر حال میں پاکستان میں کرایا جائے۔

کراچی کنگز کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پشاور زلمی کے شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ ہمارے لیے قابل احترام اور فخر کی بات ہے، ہم اپنے مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی فائنل لاہور میں کھیل سکتے ہیں لیکن میں پی ایس ایل کی سپورٹ کرنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں سے بھی پاکستان آنے کی درخواست کروں گا۔

پشاور زلمی کے سابق کپتان نے کہا کہ فائنل لاہور میں کرانے کا مقصد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہے اور میں فائنل کے اپنے ملک میں انعقاد کیلئے دعاگو ہوں۔

’کرکٹ بورڈ کو صورتحال دیکھنی چاہیے اور اگر صورتحال ٹھیک نہ ہو تو ہمارے پاس دیگر آپشن بھی موجود ہیں۔ ہمارے پاس پنڈی اسٹیڈیم ہے، کراچی میں بھی اسٹیڈیم ہے۔ مجھے امید ہے کہ کرکٹ بورڈ اچھا فیصلہ کرے گا‘۔

پاکستان میں بم دھماکے کے حوالے سے سوال کے جواب میں آفریدی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب اپنے دشمن جانتے ہیں۔ ہمیں اپنی آنکھیں کھول کر اپنے دشمن کو پہچاننا چاہیے۔

یاد رہے کہ شاہد خان آفریدی نے حال ہی میں ہر طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دو سال تک لیگ کرکٹ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران الوداعی میچ کے سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ میں اس طرح کی تمام امیدیں چھوڑ چکا ہوں، میں قومی ٹیم میں واپسی کیلئے نہیں کھیل رہا۔ میرے شائق مجھے کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں اور میں ان کیلئے کھیل کر لطف اندوز ہو رہا ہوں۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں پشاور زلمی کی پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے پاس اب بھی موقع ہے۔ ہمارے تین میچ باقی ہیں اور دو میچوں میں بھی زیادہ مارجن سے کامیابی کی صوورت میں ہم اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیں گے۔ سب سے اہم چیز پی ایس ایل کی کامیابی ہے جہاں تمام ہی میچز انتہائی دلچسپ ہوئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں