کراکَس: جنوب امریکی ملک وینزویلا کے صدر نکولس مدورو کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملک میں ادویات کے بحران سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ سے مدد طلب کی ہے۔

وینزویلا میں ان دنوں شدید اقتصادی بحران کے باعث ادویات کی قلت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق وینزویلا میں مہنگائی کی شرح تین ہندسوں میں پہنچ چکی ہے اور سوشلسٹ اقتصادی ماڈل کی تنزل پذیری کے باعث سوزش، نزلہ و بخار جیسی عام ادویات بھی عوام کی پہنچ سے دور ہے۔

نکولس مدورو نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی کس طرح کی مدد مانگی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ادویات کی صنعت کی صورتحال اقوام متحدہ کے علم میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو مستقل بنانے کے لیے اقوام متحدہ سے مدد طلب کی ہے۔‘

سرکاری ٹیلی وژن کی رپورٹ کے مطابق نکولس مدورو نے قبل ازیں اقوام متحدہ کے ڈویلپمنٹ پروگرام کی اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر اور ڈائریکٹر جیسیکا فائیٹا سے بھی ملاقات کی تھی۔

وینزویلن فارماسیوٹیکل فیڈریشن کے اندازے کے مطابق ملک میں عوام کو تقریباً 85 فیصد ادویات دستیاب نہیں۔

نکولس مدورو کئی بار ملک کی بدترین اقتصادی صورتحال اور مصنوعات کی قلت کا الزام حزب اختلاف کے سیاستدانوں اور امریکا پر لگا چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں