فیشن ویک کا دوسرا روز رنگ برنگے ملبوسات سب کی توجہ کا مرکز

پاکستان فیشن ڈیزائن کونسل (PFDC) کے تحت منعقد ہونے والا پاکستان سنسلک فیشن ویک (PSFW) کا دوسرا روز بھی کامیاب ثابت ہوا۔

اس دن نئی نسل کے کئی نوجوان ڈیزائنرز اپنے ٹیلنٹ کو ریمپ پر سامنے لائے، تو کئی پرانے کامیاب ڈیزائنرز بھی شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے۔

اگر ایسا کہا جائے کہ یہ روز فیشن کی دنیا کا کامیاب روز ثابت ہوا تو غلط نہیں ہوگا، کیوں کہ اس کے آغاز سے اختتام تک کئی نئے متاثر کن ڈیزائنز ڈیزائنرز سامنے لاتے رہے۔

یہ بھی دیکھیں: فیشن ویک کا پہلا روز زارا شاہ جہاں اور ثانیہ مسکتیا کے نام

پاکستان فیشن ویک کے دوسرے دن چیپٹر 2 بائے کھادی، ثنا سفیناز، دی رائزنگ ٹیلنٹ شوکاس، سائرہ شکیرا اور ہاؤس آف کامیار رکنی جیسے برانڈز اپنی کلیکشن کے ساتھ سامنے آئے۔

ان تمام برائنڈز میں چیپٹر 2 بائے کھادی اور ہاؤس آف کامیار رکنی کی کلیکشنز کے سب سے زیادہ تعریفیں بٹوریں۔

چیپٹر 2 بائے کھادی

اس برائنڈ کی جانب سے پیش کردہ کلیکشن کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ اس دوران پیش کردہ تمام ملبوسات ہاتھوں سے تیار کیے گئے تھے۔

ان ملبوسات میں رنگوں کا بھی نہایت خوبصورت استعمال کیا گیا، جبکہ نہایت منفرد انداز کے اسکارفس بھی خوب پسند کیے گئے۔

ویسے تو اس کلیکشن میں پیش کیے گئے ملبوسات عام روز میں پہنے جانے والے کپڑوں جیسے ہی تھے اور یہی وجہ ہے کہ اسے ریمپ پر پیش کرنا اس برانڈ کا سب سے بہترین فیصلہ تھا، امید ہے کہ یہ ملبوسات جلد بازار میں فروخت کے لیے بھی سامنے آئیں۔

ثنا سفیناز

ثنا سفیناز کی کلیکشن بھی ہمیشہ کی طرح کامیاب ہوئی، تاہم ان کے شو کا دوسرا حصہ متاثر نہیں کرپایا۔

اس کی ایک اہم وجہ یہ تھی کہ ڈیزائنر نے ایسی ہی کلیکشن ایک اور فیشن شو میں بھی پیش کی تھی تاہم اس بار اس کلیکشن کو تھوڑا بہت تبدیل کرکے ناظرین کے سامنے لایا گیا۔

جبکہ ریمپ واک کے دوران ماڈلز بھی اس ہی اسٹائل میں نظر آئیں، جس میں ڈیزائنر اپنی ماڈلز کو اس سے قبل بھی پیش کرچکی ہیں۔

ثنا سفیناز نے اس دوران برائڈل کلیکشن بھی پیش کی، جسے سراہا گیا۔

دی رائزنگ ٹیلنٹ شوکاس

اس سال کے فیشن ویک میں تین نئے ڈیزائنرز سامنے آئے، ان تینوں ڈیزائنرز نے اپنی کلیکشن ریمپ پر ماڈلز کے ذریعے پیش کی۔

دلچسپ بات یہ تھی کہ ہر سال کے برعکس اس سال ان تینوں ہی ڈیزائنرز کی نئی کلیکشنز ناظرین کو متاثر کرنے میں کامیاب ثابت ہوئے۔

انہوں نے اپنے ملبوسات کے ساتھ نئے تجربے کیے جنہیں ناظرین نے خوب سراہا۔

سائرہ شکیرا

ڈیزائنر سائرہ شکیرا ہمیشہ ہی ریمپ پر ایک بہترین کلیکشن پیش کرتی ہیں اور اس بار بھی ایسا ہوا۔

ان کی جانب سے بنائے گئے ملبوسات نہ صرف دیکھنے میں خوبصورت تھے بلکہ ان کو بنایا بھی نہایت بہترین انداز میں گیا ہے۔

جبکہ اس کلیکشن کے لیے رنگوں کا بھی نہایت شاندار استعمال کیا گیا۔

ہاؤس آف کامیار رکنی

اس دن کی آخری کلیکشن ڈیزائنر کامیار رکنی نے پیش کی، جو سب سے پسند بن گئی۔

ڈیزائنر کی اس کلیکشن میں مشرقی اور مغربی دونوں طرز کے ملبوسات پیش کیے گئے، جبکہ ملبوسات پر بہترین اور باریک کام بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

اس کلیکشن میں نہایت خوبصورت ساڑھی اور چند عروسی جوڑے بھی سامنے آئے جبکہ رنگوں کے شاندار استعمال کو بھی خوب سراہا گیا۔