بگ بیش لیگ: پرتھ اسکارچر اور میلبرن رینیگیڈز کے درمیان میچ خراب پچ کے باعث منسوخ
آسٹریلیا کی ٹی20 لیگ ’بگ بیش‘ میں میلبرن رینیگیڈز اور پرتھ اسکارچرز کے درمیان میچ خراب پچ کی وجہ سے چند اوورز کے بعد منسوخ کردیا گیا۔
گیلونگ میں گزشتہ روز شدید بارش کی وجہ سے پانی کورز سے نیچے وکٹوں تک چلا گیا جس کے بعد میچ کو یقینی بنانے کے لیے گراؤنڈ اسٹاف نے شدید محنت کی جس کے بعد میچ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تاہم میچ شروع کرنے کے فیصلے کے باوجود ٹاس کے موقع پر ہی میلبرن رینیگیڈز کے کپتان نک میڈنسن نے کہہ دیا تھا کہ یہ وکٹ اب بھی کافی گیلی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ٹاس جیتنے کے بعد پرتھ اسکارچرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
تاہم ابھی اسکارچرز نے 6.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 30 رنز بنائے ہی تھے کہ امپائرز نے وکٹ کے معائنے کے لیے میچ روک دیا اور بعد میں میچ کو خراب پچ کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا۔
اپنے ایک بیان میں کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا اس صورتحال کا بغور جائزہ لیا جس کے بعد میچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو شائقین کرکٹ اور کھلاڑیوں کے لیے انتہائی مایوسی کا باعث ہے۔
میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ بلے بازوں کی جانب سے وکٹ میں غیریقینی باؤنس اور غیر معمولی سوئنگ کی شکایت کے بعد کیا گیا اور اس حوالے سے جوش انگلس نے خصوصاً شکایت بھی کی تھی۔
امپائر بین ٹریلور نے کہا کہ یہ آخری گیند ہم جتنا تصور کر رہے تھے اس سے کہیں زیادہ انتہائی خطرناک انداز میں وکٹ کیپر تک پہنچی جس کی وجہ سے ہم نے میچ کی منسوخی کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ہمیں لگا تھا کہ یہ ایک اچھی وکٹ ہے جس پر میچ ہو سکتا ہے لیکن بعض اوقات جب تک کھیل شروع نہ ہو، اس وقت تک صورتحال کا اندازہ نہیں ہو پاتا۔
پرتھ اسکارچرز کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے کہا کہ ہمیں وکٹ کے لیے حوالے سے کچھ شبہات تھے لیکن ہم چاہتے تھے کہ میچ کھیلا جائے اور اس کو یقینی بنانے کا سہرا دونوں ٹیموں کو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس میچ کو منسوخ کرنے کے لیے معقول جواز موجود تھا اور امپائرز نے بالآخر ایک مشکل لیکن درست فیصلہ کیا۔
میلبرن رینیگیڈز کے اسٹار بلے باز ایرون فنچ نے کہا کہ کچھ گیندیں وکٹ پر گرنے کے بعد بہت زیادہ اٹھیں، جوش انگلس نے کہا کہ انہیں اس وکٹ پر بیٹنگ کرتے ہوئے ڈر لگ رہا ہے کیونکہ گیند حد سے زیادہ باؤنس کے ساتھ آرہا تھا اور اگر گیند لائن میں پڑنے کے بعد کسی کے جسم یا سر پر لگ جاتی تو کافی مسئلہ پیدا ہو سکتا تھا۔












لائیو ٹی وی