امریکا میں ٹورنیڈو سے 91 افراد ہلاک

شائع May 21, 2013 اپ ڈیٹ May 21, 2013 11:23am

ٹورنیڈو(بگولے) سے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کے مناظر۔ فوٹو رائٹرز

اوکلوہاما: امریکی شہر اوکلا ہوما میں پیر کو آنے والے طوفانی بگولے (ٹورنیڈو) کے نتیجے میں کم از کم 91 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

طوفان کے نتیجے میں 200 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے متعدد گھروں، دو اسکولوں اور ایک اسپتال کو تباہ کر دیا اور اپنے پیچھے تباہی کا نشان چھوڑ گیا۔

اوکلوہاما میں آنے والے ٹورنیڈو کا ایک منظر۔ فوٹو اے پی

خطرناک طوفان کی وارننگ دس ریاستوں میں جاری کی گئی تھی، اوکلا ہوما میں آنے والی تباہی کے بعد ریسکیو کارکنان نے حادثے میں زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کرنا شروع کر دیا تھا۔

اوکلاہوماکے میڈیکل افسر نے 91 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جہاں قوی محکمہ موسمیات کے مطابق یہ دو سال قبل جوپلن، میسوری میں آنے والے بگولے کے بعد شدید ترین طوفان ہے جس میں کم از کم 161 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تاہم ریاست کے میڈیکل افسر کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کارکنان ، تباہ شدہ مکانوں اور اسکولوں کے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خطرہ ہے۔

اوکلاہوما کی گورنر میری فالن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک بڑے بگولے کا سامنا کرنا پڑا، ہمیں معلوم ہے کہ اس میں بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں، یہاں کے لوگوں اور ریاست کے ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

اس موقع پر ریاست کے پولیس چیف نے مزید متوقع تباہی کے پیش نظر لوگوں سے علاقے کو خالی کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

پولیس چیف جیری سلنگز کا کہنا تھا کہ یہاں پر ہمیں لوگوں کی حفاظت کے حوالے سے مسائل درپیش ہیں، ہمیں گیس لائن، پاور لائن اور اس طرز کے دیگر مسائل پر غور کرنا ہو گا اور اس موقع پر ہم اس سے زیادہ کچھ نہیں کر سکتے۔

  ایک بعد دوسری گلی میں تباہی کے آثار نظر آ رہے تھے اور مکانوں کی چھتیں غائب تھیں جبکہ گاڑیاں کھلونوں کی مانند ایک دوسرے پر پڑی ہوئی تھیں۔

طوفان کی زد میں آنے والے ریاست اوکلاہوماکے جنوبی رہائشی علاقے مور میں 55 ہزار افراد رہائش پذیر تھے۔

مقامی چینل کے فور کے مطابق مور میں واقع ایلیمنٹری اسکول کے ملبے تلے 24 افراد ابھی بھی دبے ہوئے ہیں اور حادثے میں اسکول کے کم از کم 7 بچے ہلاک ہو گئے۔

اس طوفان سے ایک اور ایلیمنٹری اسکول بریئر وڈ کو بھی نقصان پہنچا تاہم وہاں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

کے فور چینل نے اپنے ہیلی کاپٹر سے علاقے کی ایک فوٹیج لی جس میں ایک بعد دوسری گلی میں تباہی کے آثار نظر آ رہے تھے اور مکانوں کی چھتیں غائب تھیں جبکہ گاڑیاں کھلونوں کی مانند ایک دوسرے پر پڑی ہوئی تھیں۔

طوفان کے باعث تباہ ہونے والے مکانات جبکہ گاڑیاں بھی کسی اسکریپ کی دکان کا منطر پیش کر رہی ہیں۔ فوٹو رائٹرز

اس دوران مور کے میڈیکل سینٹر کو بھی نقصان پہنچا جس کے بعد اسے خالی کرا لیا گیا ہے اور ریاستی حکام نے متاثرین کو بچانے کے لیے قومی گارڈز کو طلب کر لیا ہے۔

اوکلاہوماشہر کے مرکز میں کم از کم تین بار ٹورنیڈو کے سائرن بجائے گئے اور اندرونی 35 ہائی ویز کو ایمرجنسی گاڑیوں کے علاوہ بقیہ تمام گاڑیوں کی آمد ورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

اصطبل میں کام کرنے والے ایک شخص نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ وہ کہاں سے آیا لیکن اس بگولے کی آواز ناقابل برداشت حد تک تیز تھی جس نے اصطبل کے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

پیر کو آنے والا بگولا 1999 میں آنے والے بگولے کی طرز پر تھا جس میں کم از کم 44 افراد ہلاک، متعدد زخمی اور ہزاروں گھر تباہ ہو گئے تھے۔

ٹورنیڈو عام طور پر میدانی علاقوں میں آتا ہے لیکن پیر کو آنے والا یہ بگولا شہری آبادی سے ٹکرایا جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

علاقے میں سخت زمین ہونے کے باعث لوگوں نے یہاں پر تہہ خانے بنا رکھے تھے جہاں انہوں نے بگولا آنے ے بعد پناہ لی۔

اتوار کو امریکا کی وسط مغربی ریاستوں آئیووا، کینساس او اوکلاہوما میں پیدا ہونے والے ٹرناڈو سے بھی متعدد گھر تباہ اور کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

گورنر فالن نے اتوار کو ٹورنیڈو کے خطرے کے پیش نظر ریاست کی 16 کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی اور بگولہ آنے کے بعد مزید 5 ریاستوں میں اس کا نفاذ کر دیا گیا تھا۔

 واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے آفیشل نے کہا کہ صدر بارک اوباما کو اوکلاہوماکے حوالے سے آنے والی تمام اطلاعات سے لمحہ با لمحہ باخبر کیا رکھا جا رہا اور فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ سسٹم ہر کسی قسم کی معاونت کے لیے بالکل تیار ہے۔

آفیشل نے کہا کہ انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں موجود تمام لوگوں پر مستقل زور دے رہی ہے کہ خطرناک موسم کے پیش نظر وہ ریاست اور مقامی آفیشل کی ہدایات پر عمل کریں۔

کارٹون

کارٹون : 24 اپریل 2026
کارٹون : 23 اپریل 2026