فلپائن: منیلا ایئر پورٹ پر مسلح حملے میں میئر سمیت چار ہلاک
منیلا: جمعہ کے روز فلپائن کے اہم ایئر پورٹ پر ایک مسلح حملے میں میئر ان کی بیوی اور ایک بچے سمیت چار افراد ہلاک۔
حکام اور عینی شاہدین کے مطابق منیلا کے نینوئے اکینو بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 3 کے باہر لبنگان کے میئر یوکول ٹیلمپا کو بھرے ہوئے مجمعے میں مسلح افراد نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ بیرونِ ملک جارہے تھے۔
ٹیلمپا رواں سال میئر منتخب ہوئے تھے, میڈیا کے مطابق ٹیلمپا پر پہلے بھی دو بار قاتلانہ حملے ہو چکے ہیں جن میں وہ محفوظ رہے تھے۔
تجزیہ نگاروں کے مطابق ان کے قتل کی وجہ سیاسی تنازعات، ذاتی رنجش اور کاروباری چپقلش بھی ہوسکتی ہے۔
ایئر پورٹ کے حکام نے بتایا تھا کہ میئر ان کی بیوی، ایک یا دو سالہ بچہ اور ایک پچس سالہ نوجوان کو ایک قریبی ہسپتال پہنچایا گیا تھا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔
مقامی ریڈیو کی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ ہلاک ہونے والے پچس سالہ جوان میئر کے بھانجے تھے جبکہ بچے کا ان سے کوئی رشتہ نہیں تھا۔
ہسپتال حکام کے مطابق میئر کی بھتیجی اور ایک تین سالہ بچی سمیت کم از کم پانچ افراد اس واقعہ میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ایک عینی شاہد کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح حملہ آور پولیس کی وردی میں ملبوس تھےجو کافی دیر سے کھڑے میئر کے منتظر تھے۔
فوری طور پر اس واقعہ کی کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔