Dawn News Television

اپ ڈیٹ 31 دسمبر 2014 08:45pm

فیس بک پر بہت زیادہ وقت بنا سکتا ہے آپ کی حالت قابل رحم

نیویارک : اگر تو آپ فیس بک پر بہت زیادہ وقت گزارنے کے عادی ہیں تو کبھی آپ نے غور کیا کہ مزاج کتنا چڑچڑا اور برا رہتا ہے؟ اگر ہاں تو سائنس کا تو یہی ماننا ہے کہ سماجی رابطے کی اس ویب سائٹ پر بہت زیادہ وقت گزارنا آپ کی حالت قابل رحم بنا سکتا ہے۔

یہ دعویٰ ایک یورپی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

آسٹریا کی انز برک یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ فیس بک پر کافی دیر تک رہنے سے صارف کو وقت ضائع کرنے کا احساس ہوتا ہے جس سے اس کی خوداعتمادی کم ہو جاتی ہے۔

اس تحقیق نے فیس بک کی اپنی اس متنازعہ تحقیق کے نتائج کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اس ویب سائٹ کی پوسٹس لوگوں کے مزاج پر مثبت یا منفی اثرات مرتب کرسکتی ہیں۔

اس تحقیق کے دوران تین سو کے قریب رضاکاروں پر کئے گئے تجربات میں یہ بات سامنے آئی کہ فیس بک استعمال کرنے کے بعد اکثر افراد کا مزاج کافی خراب ہو جاتا ہے جس کی وجہ وقت کا درست استعمال نہ کرنے کا احساس بنتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ معنویت درحقیقت مزاج پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ یہ بات حیرت انگیزنہیں کہ آپ کچھ ایسا کریں جو آپ کی نظر میں زیادہ مقصدیت سے بھرپور نہیں ہوتا تو اس سے مزاج پر کافی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

Read Comments