Dawn News Television

شائع 23 جولائ 2014 11:11am

سلامتی کونسل غزہ سے اسرائیلی محاصرہ ختم کرائے: مسعود خان

نیو یارک : پاکستان نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات پر زور دیتے ہوئے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعے کوختم کیا جا سکے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان نے منگل کو سلامتی کونسل کے ایک اجلاس کے دوران کہا کہ پاکستان اسرائیل کی مسلسل جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

پاکستانی نمائندے مسعود خان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے اوراس ظلم کی وجہ سے دنیا بھر میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ' تشدد، تشدد کو جنم دیتا ہے، جبکہ امن، امن کے لیے راہیں ہموار کرتا ہے'۔

مسعود خان نے کہا کہ دنیا حیران ہے کہ طاقتور ممالک اور سلامتی کونسل بھی اسرائیل کو جارحیت سے روکنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کی موجودگی کے باوجود فلسطینیوں کی مدد کرنے کے لیے کوئی بھی تیار نہیں نظر نہیں آتا۔

مسعود خان نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ سے اسرائیلی محاصرہ ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف پہلے ہی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کر چکے ہیں۔

Read Comments