Dawn News Television

اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2014 11:57am

گلوکار حبیب ولی محمد چل بسے

مدھر آواز اور دھیمے سروں کے گلوکار حبیب ولی محمد 93 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ گزشتہ کئی روز سے لاس اینجلس کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔

حبیب ولی محمد برما کے شہر رنگون میں پیدا ہوئے تھے اور بعد میں ان کا خاندان ممبئی منتقل ہوگیا تھا۔

پھر پاکستان بننے کے بعد وہ کراچی میں آباد ہوگئے تھے۔

حبیب ولی محمد کو مشہور غزل ’لگتا نہیں ہے جی مرا اجڑے دیار میں‘ پر بے حد شہرت ملی۔

اپنے ایک انٹرویو میں حبیب ولی محمد نے انکشاف کیا تھا کہ انھوں نے بمبئی میں ہونے والے ایک مقابلے میں یہ غزل گا کر پہلا انعام حاصل کیا، اس مقابلے میں 1200 گلوکاروں نے حصہ لیا تھا اور ان میں مشہور فلمی گائیک مکیش بھی شامل تھے۔

اس کے بعد انھوں نے متعدد نغمے اور غزلیں گائیں جو عوام و خواص میں یکساں مقبول ہوئیں، ان کی مشہور غزلوں میں 'یہ نہ تھی ہماری قسمت، کب میرا نشیمن اہلِ چمن، اور آج جانے کی ضد نہ کرو' وغیرہ شامل ہیں۔

حبیب ولی محمد نے فلمی گیت بھی گائے، تاہم ان کی آواز غزل کے لئے زیادہ موزوں تھی اور یہی ان کی اصل وجۂ شہرت بنی۔

انہوں نے متعدد ملی نغمے بھی گائے جنہوں نے ملک گیر شہرت حاصل کی اور چند فلموں کے لیے بھی گانے ریکارڈ کرائے جو ان کے منفرد انداز کی وجہ سے عوام میں مقبول ہوئے۔

Read Comments