Dawn News Television

شائع 11 ستمبر 2014 04:39pm

سونم کپور پاکستان آنے کی خواہشمند

جے پور: بولی وڈ اداکار سونم کپور نے کہا ہے کہ وہ اپنی نئی فلم 'خوبصورت' کی پروموشن کے لیے پاکستان آنا پسند کریں گی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 'خوبصورت' جس میں پاکستانی اداکار فواد خان مرکزی کردار نبھا رہے ہیں، انیس ستمبر کو ریلیز ہو رہی ہے اور اس وقت سونم اور فواد اس کی پروموشن کے لیے جے پور میں موجود ہیں۔

سونم نے کہا میں پاکستان جانا پسند کروں گی کیونکہ میں وہاں شاپنگ کرنا چاہتی ہوں، اس کے ساتھ ساتھ میرے دو بہترین دوست پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں اور میرے والدین کے آبائی گھر بھی وہاں ہی موجود ہیں، میں انہیں دیکھنا چاہتی ہوں۔

سونم کے دادا شلیندر کپور ایک فلم پروڈیوسر تھے اور ان کی پیدائش پشاور میں ہوئی تھی جو کئی بولی وڈ لیجنڈ کی آبائی سرزمین ہے۔

سونم نے کہا کہ مصروف شوٹنگ شیڈول کی بناء پر وہ پاکستان نہیں آسکیں گی تاہم وہ سال کے آخر تک وہاں جانے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔

فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے سونم نے کہا کہ میرا کردار ایک چلبلی لڑکی کا ہے، آج کی لڑکیاں کسی سے کم نہیں، وہ بے باک، صاف گو اور جو دل میں آتا ہے بولتی ہیں اور ملی بالکل ایسی ہی ہے۔

Read Comments