Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2014 01:39pm

گلزار کا ناول’مرزا غالب‘ پاکستان میں بھی شائع

کراچی: ہندوستان سے تعلق رکھنے والے اردو کے نامور شاعر گلزار کے تحریر کردہ مشہور ٹی وی سیریل ’غالب‘ کو ناول کی صورت میں پاکستان میں بھی شائع کر دیا گیا ہے۔

اردو کے نامور شاعر، خوبصورت فلمی گیتوں اور مکالموں کے خالق، افسانہ نگار و ناقابلِ فراموش فلموں کے ہدایتکار گلزار آج بھی کسی نہ کسی نئے میدان میں اترتے ہیں اور وہاں بھی جھنڈے گاڑ دیتے ہیں۔

گلزار نے کچھ سال پہلے اپنے محبوب شاعر ’مرزا غالب‘ پر ایک ٹیلی وژن سیریل بنایا تھا جس میں نصیر الدین شاہ نے مرزا اسد اللہ خان غالب کا کردار ادا کیا تھا جبکہ اس میں شامل غزل جگجیت سنگھ کی آواز میں ریکارڈ کی گئی تھیں۔

مشہور شاعر گلزار نے کچھ عرصہ پہلے ہی اُس کامیاب ٹی وی سیریل کے منظر نامے کو ایک ناول کی شکل دی ہے جبکہ ان کی یہ تخلیق 'غالب' کے نام سے ہندوستان میں ہندی اور اردو میں شائع ہوئی جبکہ حال ہی میں اسے پاکستان کے ایک ناشر مکتبۂ دانیال نے شائع کیا ہے۔

مکتبہ دانیال ادارہ فیض، قرۃ العین حیدر، کیفی اعظمی، مشتاق یوسفی، جاوید اختر اور گلزار کی بھی نثر اور نظم کے شاہپارے شائع کر چکا ہے۔

ٹی وی سیریل مرزا غالب کا ذکر کرتے ہوئے نصیر الدین شاہ نے کہا تھا کہ وہ ایک اردو بولنے والے گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ان کی تعلیم مشنری اسکول میں ہوئی اور ان پر انگریزی کا اتنا غلبہ چھا گیا کہ وہ اردو کو بہت اچھی نظر سے نہیں دیکھتے تھے لیکن غالب کا کردار کرنے سے ان کو اردو کی صحیح وقعت معلوم ہوئی۔

مرزا غالب پر لکھے جانے والا یہ ناول ہندوستان میں روپا پبلی کیشنز دہلی پر دستیاب ہے جبکہ پاکستان میں مکتبۂ دانیال کراچی (فون نمبر 02135681457) سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

Read Comments