Dawn News Television

شائع 22 ستمبر 2014 04:25pm

فواد خان کی ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش

پاکستانی اداکار فواد خان نے اشارہ دیا ہے کہ وہ اپنی سپر ہٹ ڈرامہ سیریل 'ہمسفر' کی کو اسٹار ماہرہ خان کے ساتھ دوبارہ کسی ڈرامے میں نظر آسکتے ہیں۔

بتیس سالہ پاکستانی سپر اسٹار نے کہا کہ انہوں نے اس آئیڈیے پر ماہرہ خان سے بات کی ہے تاہم اب تک حتمی طور پر کچھ طے نہیں پایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'میں ماہرہ کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہوں اور ہوسکتا ہے کہ ہم بہت جلد اکھٹے نظر آئیں، میرے پاس اس حوالے سے ایک خیال موجود ہے جس پر میں نے اس سے تبادلہ خیال کیا اور ماہرہ کو وہ پسند بھی آیا، توقع ہے کہ اس آئیڈیے کو جلد کوئی شکل دے دی جائے گی'۔

خیال رہے کہ پاکستان میں سپر ہٹ رہنے والا ڈرامہ 'ہمسفر' چودہ اکتوبر سے ہندوستانی چینل زندگی پر شروع ہو رہا ہے۔

ہمسفر ایک شادی شدہ جوڑے کے درمیان تکون بننے کی خوبصورت کی کہانی ہے جو سپر ہٹ رہنے کے ساتھ متعدد ایوارڈ جتینے میں بھی کامیاب رہی۔

یاد رہے کہ 'ہمسفر' وہ ڈرامہ ہے جسے پاکستان کی حالیہ تاریخ کا سب سے بہترین ڈرامہ قرار دیا جاتا ہے۔

اس سے قبل ماہرہ خان نے بھی فواد خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ 'ہمسفر' سے مختلف کسی کہانی پر فواد کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ 'میں چاہتی ہوں کہ ہم دونوں کسی بہت اچھے نئے طرز کے ڈرامے میں اکھٹے نظر آئیں، میں بنٹی اور ببلی جیسے کسی خیال پر مبنی سیریل پر فواد کے ساتھ کام کرنا پسند کروں گی، جو کہ ہمارے سابقہ ڈرامے 'ہمسفر' سے بالکل مختلف ہوگا'۔

بشکریہ انڈیا ایکسپریس

Read Comments