Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2014 11:38am

ملالہ کا غزہ کیلئے 50 ہزار ڈالرز کا عطیہ

اقوام متحدہ: نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے اسرائیل کی حالیہ جارحیت سے غزہ میں تباہ ہونے والے یو این آر ڈبلیو اے کے ایک سکول کو پچاس ہزار ڈالرز عطیہ دینے کا اعلان کر دیا۔

ملالہ نے عطیہ دینے کا اعلان سٹاک ہوم سے کیا جہاں انہیں منگل کو مشہور 'ورلڈ چلڈرن پرائز' دیا گیا۔

یو این کی ایک ترجمان نے بدھ کو جاری بیان میں ملالہ کے حوالے سے بتایا کہ 'فلسطینی بچوں، بچیوں اور دنیا بھر کے دوسرے بچوں کے محفوظ ماحول میں اعلٰی تعلیم یقینی بنانے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا کیونکہ بغیر تعلیم امن نہیں آ سکتا'۔

'ہمیں چاہیئے کہ ہم امن اور تعلیم کے مل کر کھڑے ہو جائیں کیونکہ متحد ہونے سے ہم مزید طاقت ور ہوں گے'۔

یو این آر ڈبلیو اے کے کمشنر جنرل نے ملالہ کی جانب سے عطیہ ملنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔

رواں سال جولائی اور اگست میں اسرائیل اور فسلطینی عسکریت پسندوں کے درمیان غزہ میں 50 دنوں تک جاری رہنے والی لڑائی میں متعدد یو این آر ڈبلیو اے کے سکول تباہ ہو گئے تھے۔

حالیہ اسرائیلی جارحیت میں تقریباً 2200 فلسطینی ہلاک ہوئے جن میں سے ایک چوتھائی بچے تھے۔

Read Comments