دنیا

پاکستانی پرچم لہرانے پر آسیہ اندرابی پر مقدمہ درج

23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب منعقدکرنےاور پاکستان کا ترانہ پڑھنے پرکل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما پر مقدمہ درج ہوا۔

نئی دہلی/ جموں: ہندوستانی حکام نے کشمیری حریت رہنما آسیہ اندرابی پر پاکستانی پرچم لہرانے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں 23 مارچ کو آل پارٹیز حریت کانفرنس کے خواتین ونگ 'دختران ملت' کی جانب سے یوم پاکستان کی تقریب منعقد کرکے پاکستان کا پرچم کا لہرایا گیا، جبکہ پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔

اس معاملے پر انڈین میڈیا نے شدید تنقید کی جس کے بعد حکام نے حریت رہنما آسیہ اندرابی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا۔

آسیہ اندرابی کل جماعتی حریت کانفرنس کے خواتین ونگ 'دختران ملت' کی سربراہ ہیں۔

انڈین میڈیا نے تقریب کو 'ہندوستان سے بغاوت' قرار دیتے ہوئے آسیہ اندرابی پر باغیانہ تقریر کرنے کا بھی الزام لگایا۔

جس کے بعد حریت رہنما آسیہ اندرابی کے خلاف نوہٹہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

دوسری جانب نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب میں ہندوستانی وزیرکی شرکت پر بھی شدید اعتراض کیا جا رہا ہے۔

جبکہ سابق آرمی چیف اور وزیر مملکت وی کے سنگھ سے اپوزیشن جماعت کانگریس نے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کر رکھا ہے۔