وہ پاکستانی اداکارائیں جنہیں ہولی وڈ جانا چاہیے
پاکستانی اداکارائیں جنہیں ہولی وڈ جانا چاہیے
آج کل بولی وڈ اداکار ایک قدم مزید آگے بڑھ کر ہولی وڈ میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں اور ایسی کئی اداکارائیں ہیں جو اس میں کامیاب بھی ہوچکی ہیں۔
دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کا نام اُن اداکاراؤں میں شامل ہے جو بولی وڈ سے ہولی وڈ پہنچنے میں کامیاب ہوئیں جبکہ اس سے قبل ایشوریا رائے بچن، شبانہ اعظمیٰ اور تبو بھی ہولی وڈ میں اپنا نام بنا چکی ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ہم نے کچھ ایسی ہی بولی وڈ اداکاراؤں کا ذکر کیا تھا جنہیں ہولی وڈ میں اپنی قسمت آزمانی کرنی چاہیے، ان اداکاراؤں میں انوشکا شرما، کنگنا رناوٹ اور عالیہ بھٹ شامل ہیں۔
تو پھر جہاں سب ہی ہولی وڈ جارہے ہیں وہاں ہماری خوبصورت پاکستانی اداکارائیں کیوں پیچھے رہیں؟
ہم نے ایک نظر اپنی کامیاب اداکاراؤں اور ماڈلز پر ڈالی تو ایسے کچھ نام سامنے آئے جنہیں ہولی وڈ میں اپنی قسمت ضرور آزمانی چاہیے، ان میں سے چند نام یہ ہیں۔
ایان علی
گذشتہ ایک برس سے کرنسی اسمگلنگ کے مقدمے میں پھنسی ماڈل ایان علی کو کون بھول سکتا ہے؟ جہاں انہوں نے ریمپ پر جلوے بکھیرے وہیں متعدد اشتہارات کے ذریعے بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور عدالت میں پیشی کے دوران ایان کے ملبوسات اور اسٹائل تو سب کو ہی یاد ہوں گے؟ ایان نے اپنے مختلف روپ سے خوب جلوے بکھیرے اور میڈیا کی سرخیوں کی زینت بنی رہیں۔
ہمارے خیال میں اگر ایان کو کوئی ہولی وڈ فلم ملتی ہے تو وہ یقیناً کچھ کمال ہی کام کریں گے۔
ایان ہولی وڈ میں ایکشن فلموں سے پزیرائی حاصل کر سکتی ہیں اور اگر فلم میں جیل کی کہانی بھی شامل ہوجائے تو کیا ہی بات ہے۔
متھیرا
اسکینڈل کوئین کہلائی جانے والی ماڈل اور اداکارہ متھیرا بھی ہولی وڈ میں اپنی قسمت آزما سکتی ہیں۔ اپنے بے باک انداز کے ساتھ متھیرا ہولی وڈ میں یقیناً کچھ بڑا کام کرسکتی ہیں۔
ہمارے خیال میں متھیرا کے لیے ہولی وڈ میں سب سے زیادہ ہارر (خوفناک) فلمیں مناسب رہیں گی اور یہ کردار شاید وہ با آسانی ادا کر پائیں گی کیونکہ ہولی وڈ فلموں میں تو ویسے بھی اب آئٹم سانگ شامل نہیں کیے جاتے۔
میرا
میرا جی کو تو کسی تعارف کی ضرورت نہیں ہے، ان کی گفتگو کا دلچسپ انداز ہی انہیں سب سے منفرد بنادیتا ہے۔
میرا اگر ہولی وڈ میں کام کرنے جائیں تو ان کے لیے سب سے مناسب تھرلر اور ہارر کردار ہوں گے کیوں کہ میرا ان کرداروں کو بخوبی نبھا پائیں گی۔
اور سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ میرا کو انگریزی بولنے کا بے حد شوق ہے اور یہی بات ہولی وڈ میں بھی ان کے لیے مدد گار ثابت ہوسکتی ہے۔
قندیل بلوچ
قندیل بلوچ کو کسی تعارف کی ضرورت نہیں، سوشل میڈیا سے مقبولیت حاصل کرنے والی اس ماڈل کو شاید اب پوری دنیا ہی جانتی ہے۔
قندیل کو گلوکاری کے شو میں ناکامیابی ملنے کے بعد سوشل میڈیا پر 'شاندار' کامیابی ملی۔ اورتو اور فیس بک پر سرگرم رہنے والی قندیل بلوچ کا نام آج کل ہندوستان کے مقبول رئیلٹی شو بگ باس کے لیے بھی سامنے آرہا ہے اور قیاس آرائیاں ہیں کہ قندیل شاید اس کا حصہ بھی بن چکی ہیں۔
لیکن اگر کوئی ہم سے پوچھے تو قندیل ہولی وڈ میں منفی کرداروں میں سب سے بہتر نظر آئیں گی۔
ماورا حسین
ماورا حسین نے پاکستان کے کئی کامیاب ڈراموں میں اپنی بہترین کارکردگی سے نام کمایا اور اب تو وہ بولی وڈ میں بھی اپنے قدم جما چکی ہیں۔
ان کی بولی وڈ ڈیبیو فلم ’صنم تیری قسم‘ کامیاب تو نہیں ہوئی لیکن اس میں ماورا کی اداکاری کو خاصا پسند کیا گیا۔
اور ہماری رائے یہ ہے کہ ماورا حسین ہولی وڈ میں بھی رومانوی کرداروں کے لیے ہی مناسب رہیں گی۔
یہ تو تھا ہمارا خیال، آپ کا کیا خیال ہے، ہمیں آگاہ ضرور کیجیئے گا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔