اس مہینے سینما میں جلوے بکھیرنے والی فلمز
اس مہینے سینما میں جلوے بکھیرنے والی فلمز
ایسا کون ہوگا جسے فلمیں دیکھنا پسند نہیں؟ ملک میں بڑھتے سنیما گھروں کے ساتھ ساتھ شائقین اب گھروں سے زیادہ سنیما میں جاکر فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ہم گزشتہ کئی ماہ سے آپ کو ریلیز ہونے والی فلموں سے آگاہ کررہے ہیں، اس ہی طرح جولائی میں کون کون سی فلمیں ریلیز ہوں گی اس پر بھی ایک نظر ڈال لیں۔
جولائی میں پاکستانی فلموں کے ساتھ ساتھ بولی وڈ اور ہولی وڈ کی کئی فلمیں بھی سامنے آنے والی ہیں جو اتنی انٹرٹینمنٹ سے بھر پور نظر آئیں رہی ہیں کہ یقیناً سب ہی ان کو سینما گھروں میں دیکھنے کی خواہش کریں گے۔
تینوں فلمی صنعتوں میں ریلیز ہونے والی فلمیں جلوے بکھیرنے کو تیار ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ باکس آفس پر کتنی کامیابی حاصل کریں گی۔
پاکستانی فلمیں
سوال سات سو کروڑ ڈالر کا
فلم ’سوال سات سو کروڑ ڈالر کا‘ اس سال 6 جولائی کو ریلیز کی گئی، یہ ایک ایکشن فلم ہے جسے پاکستان اور تھائی لینڈ میں شوٹ کیا گیا تھا، اس فلم میں علی محی الدین اور قرة العین ڈیبیو کرتے نظر آئے۔ فلم میں پاکستان کے معروف اداکار جاوید شیخ اور غلام محی الدین نے بھی کئی عرصے بعد ایک ساتھ کام کیا ہے۔ اس فلم کی ہدایت کاری جمشید جان محمد نے دی جبکہ پروڈکشن شاہد قریشی نے کی ہے۔
عشق پازیٹو
فلم عشق پازیٹو رواں ماہ 22 جولائی کو سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔ اس فلم کی پروڈکشن 2 سال سے جاری تھی جسے آخر کار اس سال ریلیز کردیا جائے گا۔ فلم میں پاکستانی اداکارہ نور بخاری اور ولی حمید خان مرکزی کردار کرتے نظر آئیں گے۔ فلم رومانوی اور کامیڈی ہوگی جس کی ہدایتکاری نور نے خود ہی کی ہے۔
ریوینج آف دی ورتھ لس
ریوینج آف دی ورتھ لس اردو فلم ہے جسے 22 جولائی کو سنیما گھروں میں پیش کیا جائے گا۔ اس فلم میں 2009 میں سوات میں ہونے والے واقعات کو پیش کیا جائے گا، فلم میں اداکار فردوس جمال مرکزی کردار کرتے نظر آئیں گے جبکہ فلم کی ہدایت جمال شاہ نے کی ہے۔
بلائنڈ لو
بلائنڈ لو ایک اردو کمرشل فلم ہے جسے 29 جولائی کو ریلیز کیا جائے گا۔ یہ ایک رومانس اور ایکشن سے بھرپور فلم ہے جسے لاہور کے ساتھ ساتھ ناران کاغان میں بھی شوٹ کیا گیا ہے۔ اس فلم میں اداکارہ نمرہ خان، ماتھیرا، یاسر شاہ اور عمران بخاری اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔
بولی وڈ
سلطان
بولی وڈ دبنگ اداکار سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ اس ماہ 6 جولائی کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ اس فلم میں سلمان خان کے ہمراہ انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیا۔ فلم ’سلطان‘ میں سلمان خان نے ایک پہلوان کا کردار ادا کیا ہے جو ہندوستان کو اولمپکس میں گولڈ میڈل دلانے کی کوشش میں لگ جاتے ہیں۔
گریٹ گرینڈ مستی
فلم گریٹ گرینڈ مستی کے نئے حصے میں ایک بار پھر ریتیش دیشمکھ، ویویک اوب رائے اور افتاب شودہسانی اکھٹے ہوئے۔ یہ فلم ایک کامیڈی کہانی پر مبنی ہے جسے 15 جولائی کو سنیما گھروں میں پیش کیا جائے گا۔
ڈھشوم
فلم ’ڈھشوم‘ میں ورون دھون، جون ابراہم اور جیکولین فرنینڈز اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ اس فلم کی کہانی ایکشن اور مزہ سے بھرپور ہے جس میں اکشے کھننا ولن کا کردار ادا کریں گے۔ فلم ’ڈھشوم‘ رواں ماہ 29 تاریخ کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
ہولی وڈ
دی لیجنڈ آف ٹارزن
ٹارزن کی کہانیاں ہوسکتا ہے آپ نے بچپن میں پڑھی یا سنی ہو اور اس مقبول ناول پر ایک نئی فلم بھی ریلیز کی جارہی ہے جس میں الیگزینڈر اسکارسگرڈ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، جو جنگل میں پلتا بڑھتا ہے اور پھر واپس لندن انسانوں مٰں رہنے اآتا ہے، تاہم جب جین (مارگوٹ روبی) کو ایک اغوا کرلیا جاتا ہے تو وہ واپس جنگل جاکر اسے چھڑاتا ہے۔ یہ فلم یکم جولائی کو ریلیز ہوئی۔
دی سیکرٹ لائف آف پیٹس
نیویارک کے ایک اپارٹمنٹ عمارت میں رہنے والے دو پالتو جانوروں کے درمیان رقابت اس وقت ختم ہوجاتی ہے جب انہیں احساس ہوتا ہے کہ تنہا رہنے جانے والے جانوروں کی ایک فوج ان کے خوش باش مالکان سے انتقام لینے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ اس فلم کے لیے لیوئس سی کے، ایرک اسٹون اسٹریٹ، لیک بیل، ایلی کیمپر اور دیگر اسٹارز نے اپنی آوازیں جانوروں کے لیے استعمال کی ہیں۔ یہ فلم 8 جولائی کو ریلیز ہوئی۔
دی انفلٹریٹر
منی لانڈرنگ کے مسئلے پر بننے والی یہ فلم سسپنس سے بھرپور ہے جس میں برائن کرانسٹن نے ایک امریکی کسٹم عہدیدار کا کردار کیا ہے جو ایک منی لانڈرنگ اسکیم کا انکشاف کرتا ہے جس کے تانے بانے ایک بہت بڑے مجرم سے جاملتے ہیں۔ یہ فلم 15 جولائی کو ریلیز کی جارہی ہے۔
گھوسٹ بسٹرز
30 سال پہلے ریلیز ہونے والی کلاسیک کامیڈی کو ایک بار پھر نئے انداز سے پیش کیا جارہا ہے جس کے لیے ڈائریکٹر پال فیگ نے میلیسا میکارتھی، کرسٹین ویگ، کیٹ میکیننون اور لیزلی جونز جیسے اسٹارز کی خدمات حاصل کیں۔ یہ فلم 15 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔
آئس ایج: کولیجن کرس
برفانی دور کے جانوروں کی جدوجہد پر مبنی اس فلم سیریز سے کون واقف نہیں اور یہ ایک بار پھر واپس آرہے ہیں، درحقیقت یہ اس سیریز کی 5 ویں فلم ہے اور 2012 کی آئس ایج کانٹینیٹل ڈرافٹ کا سیکوئل ہے جسے بائیس جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔