لائف اسٹائل

رواں ماہ سینما کی بڑی سکرین پر آنے والے موضوعات

اس ماہ کئی دلچسپ بولی وڈ اور ہولی وڈ فلمیں سینما میں پیش کی جائیں گی۔

اس ماہ سینما میں جلوہ گر ہونے والی فلمیں

میمونہ رضا نقوی



فلمی شائقین ہر ماہ میں ریلیز ہونے والی اپنی پسندیدہ فلموں کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔

ہر کوئی چاہتا ہے کہ اسے اپنی پسندیدہ فلم کی ریلیز تاریخ پہلے سے ہی معلوم ہوجائے تاکہ وہ اسے سینما گھروں میں جاکر دیکھ سکے۔

ہم نے آپ کو گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی فلموں سے آگاہ کیا تھا اور اب ہم نے اگست میں پاکستانی فلمیں، بولی وڈ اور ہولی وڈ فلموں کی ایک فہرست ترتیب دی ہے۔

اس ماہ پاکستان میں ریلیز ہونے والی کسی فلم کی تاریخ سامنے نہیں آئی تاہم بولی وڈ کی کئی دلچسپ فلمیں ریلیز ہونے کو تیار ہیں۔

بولی وڈ

موئن جو دڑو

بولی وڈ دلکش اداکار ہریتھیک روشن کی فلم ’موئن جو دڑو‘ اس ماہ 12 اگست کو ریلیز کی جائے گی، اس فلم میں ہزاروں سال پہلے کی وادی سندھ کی تہذیب کو پیش کیا گیا ہے۔

فلم میں ہریتھیک کے ساتھ پوجا ہیج مرکزی کردار کرتی نظر آئیں گی۔

عاشوتوش گواریکر کی ہدایت میں بنی فلم موئن جو دڑو کے ٹریلر کو بھی کافی پسند کیا گیا تھا۔

رستم

بولی وڈ میں کھلاڑی کے نام سے مشہور اکشے کمار کی فلم ’رستم‘ کو شوبز کی شخصیات نے کافی سپورٹ کیا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ فلم کافی ہٹ ثابت ہوگی۔

فلم ’رستم‘ بھی 12 اگست کو سینما گھروں میں ہریتھیک روشن کی فلم کے مدمقابل ریلیز ہوگی۔

اس فلم میں اکشے کمار ایک بحریہ افسر کے کردار میں نظر آئیں گے جو اپنی بیوی کے عاشق کا قتل کردیتا ہے۔

ہیپی بھاگ جائے گی

فلم ’ہیپی بھاگ جائے گی‘ 19 اگست کو ریلیز کی جائے گی جس میں پاکستانی اداکارہ مومل شیخ بھی اہم کردار ادا کریں گی۔

اس فلم میں ابھے دیول اور ڈیانہ پینٹی بھی موجود ہیں، فلم کی کہانی ایک ہندوستانی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو اپنی شادی سے بھاگ کر غلطی سے پاکستان آجاتی ہے، جس کے بعد ابھے دیول اور مومل شیخ اس لڑکی کی ہندوستان واپسی میں مدد کرتے ہیں۔

اے فلائنگ جٹ

بولی وڈ کے بہترین ڈانسر اور اداکار ٹائگر شروف کی فلم ’اے فلائنگ جٹ‘ میں اداکار ایک سپر ہیرو کا کردار کرتے نظر آئیں گے، اس فلم میں ٹائگر کے ساتھ جیکولین فرنینڈز مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

فلم فلائنگ جٹ رواں ماہ 25 اگست کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

ہولی وڈ

سوسائڈ سکاڈ

ہولی وڈ اداکار ول سمتھ کی فلم سوسائڈ سکاڈ 5 اگست کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔

اس فلم نے باکس آفس پر بڑی کمائی حاصل کی تاہم تجزیہ کاروں نے اس کی کہانی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

نائن لائوز

ہولی وڈ فلم نائن لائوز بھی 5 اگست کو ریلیز کی گئی جو ایک گھرانے کے تین افراد اور ان کی زندگی میں آنے والی ان کی پالتو بلی پر ہے۔

یہ کامیڈی فلم بچوں کی پسندیدہ فلم بن سکتی ہے جس سے بڑے بھی لطف اٹھا سکتے ہیں۔

سوسیج پارٹی

ہولی وڈ اینیمیٹڈ فلم سوسیج پارٹی 12 اگست کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اس فلم کی دلچسپ کہانی یقیناً آپ کی توجہ کا مرکز بن سکتی ہے، کھانے کی اشیا پر بنائی گئی یہ فلم آپ کو ایک ایسی دنیا میں لے جائے گی جہاں آپ کھانے کے سامان کو بولتے دیکھیں گے۔

سوسیج پارٹی یقیناً اس سال بچوں کی سب سے پسندیدہ فلم بن سکتی ہے۔

میکینک: ریسوریکشن

26 اگست کو سینما گھروں میں جلوہ گر ہونے والی یہ ہولی وڈ فلم میکینک: ریسوریکشن کی کہانی دنیا کے سب سے خطرناک شخص کر پکڑنے کے گرد گھومتی ہے۔

ڈونٹ بریتھ

ہولی وڈ فلم ڈونٹ بریتھ اس ماہ ریلیز ہونے والی واحد ہارر اور تھرلر فلم ہے۔

اس فلم کی کہانی تین نوجوان چوروں کے گرد گھومتی ہے جو ایک اندھے آدمی کے گھر ڈکیتی کے ارادے سے جاتے ہیں تاہم خود ہی اس گھر میں پھنس جاتے ہیں۔