سرے شاہ سر جھیل: جہاں سکندرِ اعظم نے اپنی فوج منظم کی
سرے شاہ سر جھیل: جہاں سکندر اعظم نے اپنی فوج منظم کی
سرے شاہ سر کی چوٹی پر پہنچ کر جیسے ہی آپ کی نظر ایک چھوٹی سی بارانی جھیل پر پڑتی ہے تو جیسے ذہن عجیب کیفیت میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ آپ کے لیے بھی مشورہ ہے کہ جب یہاں آئیں تو اس کیفیت کے لیے ذہنی طور پر تیار رہیں کیونکہ اس درہ کے حوالے سے ایک فرضی کہانی مشہور ہے کہ سکندرِ اعظم کی فوج نے منظم ہو کر یہاں سے ’’اُورنوس‘‘ پر چڑھائی کی تھی اور وہاں سے بونیر کے علاقے پر دستِ تصرف دراز کیا تھا۔
آج سے ٹھیک ایک سال پہلے مذکورہ درہ پہنچتے ہی نہ جانے کیوں مجھے گھوڑوں کی ہنہناہٹ سنائی دی۔ حالانکہ اس موقعے پر وہاں گھوڑے کا دور دور تک کوئی نام و نشان بھی نہیں تھا۔ دوسرے ہی لمحے مجھے شدت سے یہ احساس ہوا کہ یہاں مکمل طور پر سکوت ہے۔ اتنی خاموشی کہ دل کی دھڑکن تک سنائی دے۔ سادھو سَنت اگر آج کے دور میں دھونی رمانا چاہیں یا کسی کا مراقبہ کرنے کو دل چاہے، تو اس مقصد کے حصول کے لیے سرے شاہ سر جھیل سے بہتر کوئی اور جگہ ہو ہی نہیں سکتی۔