جاروگو: آبشار جو تلوار کی دھار سے کم نہیں
جاروگو: آبشار جو تلوار کی دھار سے کم نہیں
'بھئی، یہ کوئی عام آبشار تھوڑی ہے، اس کے حوالے سے مشہور ہے کہ یہاں ایک مقامی چرواہے کی گائے غلطی سے چَرتے چَرتے آبشار کے احاطے میں اوپر سے گرتے پانی کی زد میں آگئی۔ مجھے پتہ ہے کہ آپ لوگ میرا یقین نہیں کریں گے مگر نتیجتاً گائے کا سر تن سے جدا ہوگیا تھا۔'
آج سے 8 برس پہلے جب ہم جاروگو آبشار کی سیر کرنے کی غرض سے ہائیکنگ میں مصروف تھے، تو اپنے خالہ زاد بھائی کے منہ سے یہ حوالہ سنتے ہی میری ہنسی چھوٹ گئی۔ مجھے اس کی بات پر اُس وقت تک یقین نہیں آ رہا تھا جب تک میں نے آبشار خود اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھی تھی۔
میں نے جیسے ہی تقریباً کوئی سوا سو فٹ بلندی سے گرتے ہوئے پانی کو دیکھا، تب اس بات پر یقین سا ہونے لگا۔ اس وقت ہمارے گروپ میں ایک ماہر طبعیات بھی تھے۔ انہوں نے میرے خالہ زاد کی بات پر مہر تصدیق ثبت کرتے ہوئے کہا کہ اتنی اونچائی سے گرنے والا پانی کسی تیز دھار تلوار سے کم نہیں ہوتا۔