Live Election 2018

پیپلزپارٹی نے اپنے انتخابی منشور کا اعلان کردیا

سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران پارٹی منشور کا اعلان کیا۔

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابی منشور کا اعلان کردیا ہے جس میں مضبوط معیشت،موثر خارجہ پالیسی اور خود مختار پارلیمنٹ کو منشور کاحصہ قرار دیا گیا ہے۔

منشور پیش کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ اقتدار میں آکربھوک اور استحصال کے خاتمے کا انقلابی پروگرام شروع کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا جائیگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اقتدار میں آکر زراعت پر خاص توجہ دی جائے گی، کسانوں کیلئے خصوصی کارڈ، فیملی ہیلتھ کارڈ کے اجراء، اور بھوک مٹاو پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے نوجوانوں کیلئے روزگار، خواتین اور اقلیتوں کو بااختیار بنانا بھی منشور میں شامل کیا ہے، توانائی اور پانی کی قلت کے خاتمے اور فاٹا کے عوام کو حقوق دینے کے لئے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔