انتخابات 2018: عامر لیاقت کے لیے انتخابی مہم چلانا مشکل ہوگیا
انتخابات 2018 کے انعقاد کا وقت قریب آتے ہی ملک میں جہاں امیدواروں کی جانب سے اپنے حلقے میں ووٹ مانگنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے وہیں سیاستدانوں کے رویے سے پریشان ووٹرز بھی ان کے خلاف میدان میں آگئے ہیں۔
جہاں ایک جانب سندھ اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے اُمیدواروں کو عوامی مقامات پر شہریوں کے غصے کا سامنا ہے تو دوسری جانب حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کرنے والے معروف اینکر عامر لیاقت حسین کو بھی شہریوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑا۔
عامر لیاقت حسین الیکشن 2018 کے حوالے سے انتخابی مہم کے دوران کراچی میں ایک عوامی مقام سے گزرے تو شہریوں نے ان کے خلاف نعرے لگائے۔
شہریوں نے عامر لیاقت حسین کو گھیر لیا اور انہیں ’لوٹا‘ کہہ کر مخاطب کیا اور ان کے خلاف نعرے بازی کی۔
بعد ازاں عامر لیاقت حسین نے شہریوں کا سامنا کرنے کے بجائے فرار کا راستہ اختیار کیا جبکہ اس موقع پر لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی، جو طویل فاصلے تک ان کا پیچھا کرتی رہی۔