Live Election 2018

بلاول کی سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت

پی پی چیئرمین نے میڈیا سے گفتگو میں عام انتخابات میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والے افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے کوئٹہ پہنچے، جہاں انہوں نے بلوچ عوامی پارٹی (بی اے پی) کے امیدوار سراج رئیسانی کے گھر جاکر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے ساراوان ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عام انتخابات کی مہم کے دوران سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پہلی ترجیحی ہونی چاہیے تاکہ انتخابی عمل آزادانہ طریقے سے جاری رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے متاثر صرف پاکستان ہی نہیں ہے، بلکہ عرق میں بھی انتخابات کے دوران اس قسم کے حملے ہوچکے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بہادر قوم ہے اور وہ 25 جولائی کو اپنا ووٹ ڈالیں گے۔