Live Election 2018
لاہور ہائی کورٹ نے رانا ثناءاللہ، خواجہ آصف کی کامیابی روک دی
لاہور ہائیکورٹ نے دونوں مقدمات پر حکم جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔
لاہورہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں رانا ثنا اللہ اور خواجہ آصف کی بالترتیب قومی اسمبلی کے حلقے این اے 106 اور این اے 73 سے کامیابی کا نوٹیفکیشن روکتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو کل (منگل) کے لیے نوٹسز جاری کر دیے۔
ہائیکورٹ کے جج جسٹس مامون الرشید نے فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقے 106 سے ناکام امیدوار ڈاکٹر نثار اور سیالکوٹ کے حلقہ این اے 73 سے عثمان ڈار کی درخواستوں پر علیحدہ علیحدہ سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔
دونوں درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ حلقے میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا حکم دیا جائے اور کامیاب امیدواروں کو نااہل قرار دے کر بطور ایم این اے کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔