ڈرون طیارے: بیکری کے ڈیلیوری بوائے
شنگھائی: پاکستان کے شہری امریکی ڈرون کے حملوں سے اس خودکار طیارے سے واقف ہوئے، جو بغیر پائلٹ کے پرواز کرتا ہے۔ اس کو کنٹرول روم سے کسی وڈیوگیم کی طرح کنٹرول کیا جاتاہے اور مطلوبہ مقام پر پہنچنے کے بعد یہ اپنے ہدف کو میزائل کا نشانہ بنانے کے بعد واپس اپنے مرکز پر لوٹ آتا ہے۔
لیکن چین میں ڈرون طیارے کا ایک انوکھا استعمال دیکھنے میں آیا۔ جس کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ مستقبل میں ڈرون طیارے انسانوں کے لیے نقصاندہ ہی نہیں مفید بھی ثابت ہوسکیں گے۔
چین کے ایک اہم صنعتی شہر شنگھائی میں ایک بیکری نے اپنی مصنوعات کی ڈیلیوری کے لیے چھوٹے سائز کے تین ڈرون خریدے تھے۔ یہ ڈرون کسٹمرز کے گھروں پر کیک اور پیسٹری وغیرہ پہنچایا کرتے تھے۔ لیکن بعد میں شہر کے لوگوں کی شکایت پر حکام نے یہ ڈرون طیارے گراؤنڈ کردیے، شہریوں کا کہنا تھا کہ ان کے گھروں پر سے شور کرتے اور تیز رفتاری کے ساتھ پرواز کرتے ہوئے یہ ڈرون طیارے ان کے سکون کو متاثر کررہے ہیں۔