Dawn News Television

شائع 19 مئ 2020 09:01pm

کمشنر کراچی نے شاپنگ مالز کے لیے ایس او پیز جاری کر دیے

کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں شاپنگ مالز کے لیے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) جاری کردیا۔

کمشنر نے انتظامی حکم نامے کے مطابق ہر خریدار کی تھرمل گن سے اسکیننگ کی جائے گی جبکہ کسی صارف کو ماسک کے بغیر شاپنگ مال میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

شاپنگ مالز کے داخلی راستوں پر ہینڈ سینیٹائزرز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ بخار، نزلہ یا کھانسی میں مبتلا کسی بھی خریدار کو مالز یا سینٹر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خریداروں کی عمومی تعداد کو کم از کم ایک تہائی کم کیا جائے گا، محفوظ سماجی فاصلے کے لیے ڈیجیٹل طریقے سے مدد لی جائے گی تاکہ آنے اور جانے والوں کو مسلسل مانیٹر کیا جا سکے، جبکہ خریداروں کی مالز میں موجود تعداد کو دیکھ کر ان کے اندر داخل ہونے کا تعین کیا جا سکے گا۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ 12 سال سے کم اور 55 سال سے زائد عمر کے خریداروں کو شاپنگ مالز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ایس او پیز سے خریداروں کو آگاہ کر نے کے لیے تحریری ہدایات نمایاں طو ر پر آویزان کی جائیں گی۔

Read Comments