Dawn News Television

شائع 14 مارچ 2021 05:35pm

کورونا کے باعث اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز سیل کرنے کا حکم

اسلام آباد کی انتظامیہ نے مخلتف سیکٹرز کو کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر آج رات سے سیل کرنے کا حکم جاری کردیا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف الیون ون، آئی ایٹ فور اور سیکٹر آئی ٹین ٹو کو آج رات کو سیل کردیا جائے جہاں بالترتیب 51، 53 اور 48 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تجارتی علاقے اور پارکس میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا اورمزید علاقوں میں بھی لاک ڈاؤن کا خدشہ ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں برطانوئی وائرس ویرئینٹ اسٹرین سامنے آیا ہے اور این سی او سی نے تمام تقریبات، میلے، اجلاس کو منسوخ کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اندرونی سطح پر کسی قسم کی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی، باہر تقریبات میں 300 سے کم افراد 2 گھنٹوں کے لیے شریک ہوسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دفاتر کو 50 فیصد سے زائد اسٹاف کو بلانے سے روک دیا گیا ہے اور کسی بھی علاقےمیں سماجی فاصلہ اور ماسک پہننے کی خلاف ورزی کی گئی تو فوری طور پر سیل کردیا جائے گا۔

Read Comments