Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 اپريل 2021 02:57pm

رمضان میں خواتین کو سُپر وومن سمجھنا چھوڑ دیں

پاکستان دنیا کے اس خطے میں واقع ہے جہاں خاندانی نظام بہت زیادہ اہم اور مضبوط تصور کیا جاتا ہے۔ یہاں معاشرتی روابط، تقریبات کا انعقاد، چھٹیوں پر رشتہ داروں کے ہاں جانا، ہلا گُلا، ملنا ملانا، دعوتیں کرنا، تہذیب و ثقافت کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔

لیکن بدقسمتی سے خطرناک کورونا وبا کی تیسری لہر نے نظامِ زندگی کو عملی طور پر مفلوج کرکے رکھ دیا ہے جس کی وجہ سے ہماری زندگی کا مزاج بھی یکسر بدل سا گیا ہے۔

اس بار بھی رمضان میں کورونا جیسی عالمی وبا کے خطرے کے پیشِ نظر لاک ڈاؤن کا دباؤ ملک بھر میں کہیں نرمی اور کہیں سختی کے ساتھ جاری ہے۔ لیکن اس کی وجہ سے چار دیواری کے اندر پیدا ہونے والا ذہنی، جذباتی اور نفسیاتی دباؤ کسی سائیکلون کی طرح صدیوں سے قائم خاندانی نظام کو شدید خطرات سے دوچار کرچکا ہے۔

عدم برداشت کے مظاہرے جا بجا دیکھے جاسکتے ہیں اور اب تو حوصلے بھی جواب دینے لگے ہیں۔ رمضان المبارک میں غصے کو کنٹرول کرنا جہاں زیادہ ضروری ہونا چاہیے وہاں اب معمولی سی بات بھی ہاتھا پائی پر پہنچ کر ہی دم لیتی ہے۔ ایسے میں اکثریتی گھرانوں میں مرد حضرات، بزرگ اور بچوں کی نازک مزاج طبیعت کو برداشت کرنا صرف خاتونِ خانہ پر ہی فرض سمجھا جاتا ہے تو وہیں سحری سے افطاری تک کے سارے معاملات بھی اکیلی عورت کی ذمہ داری ہوتے ہیں اور ان میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جاتی۔

چھوٹی چھوٹی باتوں پر طیش میں آنا اور نکتہ چینی کرتے جانا اب ایک معمول سا بنتا جا رہا ہے۔

کچھ ناگوار جملے تو اکثر سننے کو ملتے ہیں جیسے

  • ’کوئی کام وقت پر نہیں ہو رہا ہے'،
  • 'ہر طرف بکھراؤ ہے'،
  • 'بچے شور کیوں کر رہے ہیں؟ یہ کیسی تربیت ہے تمہاری؟'

گھر کے دیگر مکین یہ سمجھنے اور سوچنے کو تیار ہی نہیں کہ کچن اور ہمارے رویوں کا سارا بوجھ اٹھائے یہ خاتون بھی روزے سے ہے۔ اس کے اعصاب بھی کسی مشینی پُرزے کی طرح سخت اور کٹیلے لفظوں سے رگڑ کھا کر تھک سکتے ہیں۔ پھر جوں جوں اس خطرناک وبا میں گھروں کی قید کا یہ سلسلہ طویل ہوتا جا رہا ہے، یکسانیت اور گھٹن اعصاب کو بُری طرح متاثر کرتی جا رہی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اس بار خاتون خانہ رمضان المبارک میں بے چینی کا شکار ہے۔ کبھی کبھی معاملات اس حد تک قابو سے باہر ہوجاتے ہیں کہ وہ نہیں جانتی کہ ان رویوں کا مقابلہ کیسے کرے؟ کیونکہ حالتِ روزہ میں اس کی برداشت کا لیول بھی کم ہوجاتا ہے، پس جب رویے دوبدو ہوجائیں تو پھر گھروں میں سنگین صورتحال پیدا ہونے میں دیر نہیں لگتی۔ جس کا سب سے زیادہ منفی اثر بچوں پر پڑتا ہے۔

پاکستانی سماج میں عورتوں پر تشدد پہلے ہی ایک انتہائی دردناک المیہ ہے اور بات بات پر ہونے والی بحث عورتوں، مردوں اور خاص کر بے روزگار لوگوں کو زیادہ خطرے سے دوچار کرسکتی ہے، ایسے میں ضروری نہیں کہ گھر میں پیدا ہونے والے دباؤ سے نمٹنے کی صلاحیت گھر کے ہر فرد میں موجود ہو۔

اگر بالفرض یہ دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت موجود بھی ہے تو ہر روز معمولی باتوں پر طویل بحث و مباحثہ اور پھر جھگڑے رشتوں میں موجود تعلق کو دن بدن کمزور کرنے کا باعث بنتے ہیں۔

ان حالات میں مرد و زن کو اپنا فکری شعور اجاگر کرنے اور معاملات کو تحمل سے دیکھنے کی ضرورت جتنی آج ہے پہلے نہ تھی۔

روزمرہ کی بنیاد پر ان مسائل سے نمٹنے کے لیے خواتین کو اپنا کردار کیسے ادا کرنا چاہیے اور اس رمضان وہ اپنی طرف سے کیا بہتری لا سکتی ہیں، آئیے اس پر بات کرتے ہیں۔


خواتین کا کردار


  • چونکہ خواتین اپنے گھر کے مکینوں کی مزاج آشنا ہوتی ہیں اس لیے انہیںاپنی سمجھ بوجھ سے کام لیتے ہوئے غصیلے اور شارٹ ٹیمپر افرادِ خانہ چاہےوہ خاوند ہو یا سُسر، حالتِ روزہ میں ان سے بحث مباحثے سے گریز کرنا چاہیے۔
  • مردوں کو اکثر نکتہ چینی کی عادت ہوتی ہے لیکن خواتین مردوں کے شدیدردِعمل کی وجہ سے یہ احساس ہی نہیں دلا پاتیں کہ یہ رویے تکلیف دہ ہیں۔اس لیے جب خاوند کا موڈ بہتر دیکھیں تو انتہائی تحمل اور بردباری سے انکی کاؤنسلنگ کریں۔انہیں بتائیں کہ ان کے درشت لب و لہجہ، الفاظ کی سگینی اور گالیاں گھرکے ماحول، بچوں اور خود ان کی شخصیت سے بننے والا منفی تاثر گھر کی فضاکو آلودہ کر رہا ہے۔ دراصل تحمل اور محبت سے سمجھائی گئی بات آہستہآہستہ رویوں میں تبدیلی کا پیش خیمہ بن ہی جاتی ہے بس عدم برداشت کو ختمکریں۔
  • اگر خاوند انتہائی سخت مزاج ہے اور کھانے میں نمک چینی کی کمی بیشی کیوجہ سے آپ کو ہدف کا نشانہ بناتا ہے تو رمضان میں تو یہ معاملہ اور بھیسنجیدہ نوعیت کا ہوسکتا ہے، لہٰذا ذرا سا ذائقہ چکھ کر کُلی کرلیں۔یوں افطاری کے وقت دستر خوان کو میدانِ جنگ بنانے سے بہتر ہے کہ اس طریقے سے اپنا بچاؤ کرلیا جائے، جس کی اجازت ہمارے دین نے بھی دی ہے، کہ حالتِ روزہ میں خاتونِ خانہ کھانے میں نمک چکھ سکتی ہے بشرط یہ کہ ذائقہ خلق میں نہ جائے

مردوں کا کردار


رمضان المبارک میں اچھے اخلاق اور گفتار کا اثر پورے گھر کو خوشگوار یا ناخوشگوار بنانے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس لیے گھر کے سربراہ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ غصے کا حق صرف اس کو حاصل نہیں ہے بلکہ یہ غصہ اس گھر کے دوسرے فرد (بیوی) کو بھی آسکتا ہے جس کے نتیجے میں تناؤ کی کیفیت گھر کے ہر فرد کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

چنانچہ ضروری ہے کہ اپنے غصے پر قابو پانا سیکھیے۔ گالی گلوچ، مارپیٹ سے پرہیز کریں، بدکلامی، فحش گوئی سے بچیں، پُرامن ماحول پیدا کرنے میں مل جل کر اپنا حصہ ڈالیں۔

  • افطار پارٹی یا ڈنر کی دعوت دینے سے پہلے اپنی بیوی سے مشورہ کریں، کتنےافراد کو بلانا چاہیے، وقت اور دن کے تعین میں اپنی نصف بہتر سے صلاحلیں اور پھر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ان کی مدد بھی کریں۔
  • رمضان میں کھانوں کے پکوان کی بے تحاشا فرمائش کا بوجھ بیوی پر نہ ڈالیںبلکہ افطاری سادہ بنانے پر زور دیں کیونکہ یہ ایک دن کی بات نہیں بلکہپورے مہینے کا معاملہ ہے۔ پھر پکانے کے علاوہ خواتین کے دیگر معاملات کو بھیمدِنظر رکھیں کیونکہ یہ مہینہ صرف پکانے اور کھانے کا نہیں بلکہ عباداتاور فضائل کا بھی ہے اس لیے لذتِ کام و دہن سے زیادہ ضروری نماز کی پابندیاور قرآن فہمی ہے۔
  • ممکن ہو تو خواتین کا ہاتھ بٹائیں اور اگر ایسا ممکن نہ ہوسکے تو ان کیحوصلہ افزائی ضرور کریں۔
  • دسترخوان پر افطاری کے خصوصی پکوان نہ بنائے جانے پر تلخ باتیں کرنے کےبجائے صبر و شکر کریں اور دعائیں، ذکر و اذکار کو معمول بنائیں کیونکہبچہ گھر کے سربراہ کے طور طریقے اور طرز عمل کو اپنی عملی زندگی میں اپناتا ہےـ
  • افطاری کے لوازمات سادہ ہوں یا پُرتکلف، اپنے گھر کی خواتین کی تعریفضرور کریں اس سے خاتونِ خانہ خوش ہوجائیں گی اور اگلے دن کے لیے مزیدتر و تازہ ہوکر پُرسکون ذہن کے ساتھ بہترین کارکردگی دکھا سکیں گی۔ تودوسری طرف یہ بات آپ کے لیے بھی باعثِ مسرت ہوگی۔
  • غصہ یا چیخ کر بات کرنے کے بجائے کوشش کریں خاموش ہوجائیں یا گھر میںکسی سائیڈ پر جاکر وقت گزاریں مگر بے جا خواتین کے کاموں میں مداخلت نہکریں کیونکہ اس سے بلا وجہ بدمزگی پیدا ہوگی۔

یاد رکھیے! گھر شوہر اور بیوی مل کر بناتے ہیں۔ دوطرفہ تعاون سے ہی مکان مکمل طور پر گھر کی شکل اختیار کرتا ہے سو گھر میں پیدا ہونے والی کشیدگی کا ذمہ دار کسی ایک فرد کو نامزد کرکے خود پتلی گلی سے نکلنا ٹھیک نہیں ہے۔ کورونا کے پُل صراط پر آنے والا ہر لمحہ آزمائش ہے جسے پوری استقامت سے ایک ساتھ چل کر ہی طے کیا جاسکتا ہے۔

Read Comments