Dawn News Television

شائع 02 جنوری 2023 08:44pm

’دی لیجنڈ: آف مولا جٹ‘ نے دنیا بھر سے سوا دو ارب روپے کمالیے

ماضی کی مقبول فلم ’مولا جٹ‘ کے بنائے گئے نئے ورژن ’دی لیجنڈ: آف مولا جٹ‘ نے پاکستان سمیت دنیا بھر سے سوا دو ارب روپے کمالیے۔

ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، فواد خان اور حمیمہ ملک کی مرکزی کاسٹ پر مبنی فلم کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 اکتوبر 2022 کو ریلیز کیا گیا تھا اور اس نے ابتدائی ایک ہفتے میں ہی 70 کروڑ روپے کمالیے تھے۔

’دی لیجنڈ: آف مولا جٹ‘ کے آفیشل انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پنجابی ایکشن فلم نے صرف پاکستان سے ایک ارب روپے بٹور لیے۔

پوسٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے دنیا بھر سے مجموعی طور پر ایک کروڑ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی سوا دو ارب روپے کمالیے۔

فلم نے محض 90 دن میں دنیا بھر سے ریکارڈ کمائی کرکے خود کو سال 2022 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی عالمی فلموں کی فہرست میں شامل کروایا۔

سال 2022 میں درجنوں بولی وڈ اور ہولی وڈ فلمیں بھی ایک کروڑ امریکی ڈالر نہیں کما سکیں جب کہ ریکارڈ کمائی کرنے والی یہ پہلی پاکستانی فلم بنی ہے۔

’دی لیجنڈ: آف مولا جٹ‘ کو 100 کروڑ روپے میں بنانے کی خبریں سامنے آئی تھیں جب کہ فلم نے بجٹ سے 9 گنا زیادہ کمائی کرکے تاریخ رقم کردی۔

پنجابی زبان کی ایکشن فلم کو اس وقت یورپ، ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں دکھایا جا رہا ہے جب کہ ٹیم اسے دنیا کی سب سے بڑی سینما مارکیٹ چین اور پھر بھارت میں بھی ریلیز کرنے کی کوششوں میں ہے۔

علاوہ ازیں فلم کو ترکی سمیت دیگر اسلامی ممالک میں بھی وہاں کی مقامی زبانوں میں ترجمہ کرکے پیش کیے جانے کی کوششیں جاری ہیں۔’مولا جٹ‘ پاکستانی تاریخ کی پہلی فلم بنی تھی، جسے ملک کے باہر سب سے زیادہ اسکرینز پر ریلیز کیا گیا تھا جب کہ یہ پنجابی زبان کی بھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی تھی۔

یہ فلم 1979 میں ریلیز ہونے والی ’مولا جٹ‘ کا نیا ورژن ہے، جس میں حمزہ علی عباسی، فواد خان، ماہرہ خان اور حمیمہ ملک سمیت دیگر افراد نے کام کیا، اس کی ہدایات بلال لاشاری نے دیں جب کہ اسے عمارہ حکمت نے پروڈیوس کیا۔

Read Comments