صحت

دادا کے ہارمونز متاثر ہونے کا اثر پوتیوں کی ماہواری پر پڑنے کا انکشاف

تحقیق سے معلوم ہوا کہ نانی، دادی اور ماؤں کی بلوغت کی اوسط عمر تقریباً یکساں رہی لیکن پوتیوں کی نسل میں یہ عمر ایک سال کم ہو گئی۔

ایک منفرد اور طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ماحولیات، غذا اور دیگر عوامل کی وجہ سے کسی دادا کے ہارمونز متاثر ہوتے ہیں تو ان کا اثر ان کی پوتیوں کی ماہواری کے آغاز کی عمر پر پڑ سکتا ہے۔

تحقیق سے عندیہ ملا ہے کہ گزرتے وقت کے ساتھ بچیوں میں جلد ماہواری شروع ہونے کا تعلق ماحولیات سمیت دادا کے ہارمونز کی خرابی سے بھی ہے۔

طبی ویب سائٹ کے مطابق امریکی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں دادا، دادی اور والدین کے ہارمونز میں ہونے والی تبدیلیوں کا اثر پوتوں پر پڑنے کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق کے دوران 1960 کی دہائی میں شروع ہونے والی ایک طویل مدتی تحقیق کا جائزہ بھی لیا گیا، جس میں محققین نے اُس وقت کے 249 جوڑوں کے خون کے نمونوں میں موجود ہزاروں کیمیکل مالیکیولز کی جانچ کی اور ان کا تعلق ان جوڑوں کی بیٹیوں اور پوتیوں کی بلوغت کی عمر سے جوڑا۔

مطالعے میں 247 بیٹیوں اور 139 پوتیوں کی ماہواری کے آغاز کی عمر کا مشاہدہ کیا گیا، نتائج سے معلوم ہوا کہ نانی، دادی اور ماؤں کی بلوغت کی اوسط عمر تقریباً یکساں رہی لیکن پوتیوں کی نسل میں یہ عمر ایک سال کم ہو گئی، جن کی اوسط پیدائش کا سال 1990 تھا۔

تحقیق سے یہ بھی سامنے آیا کہ ماں اور باپ دونوں کے خون میں موجود مخصوص کیمیکلز کا اثر اُن کی اولاد کی بلوغت کی عمر پر پڑا، مگر پوتیوں پر اثرات زیادہ نمایاں تھے۔

ماہرین نے نشاندہی کی کہ ایک اہم کیمیکل ’فینوکسی ایتھانول‘ (Phenoxyethanol) جو ذاتی نگہداشت کی مصنوعات اور کھانوں میں استعمال ہوتا ہے، جلد ماہواری سے واضح طور پر منسلک پایا گیا، خاص طور پر جب ماں اور باپ دونوں اس کیمیکل سے متاثر ہوئے ہوں۔

تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا تھا کہ آج کل لڑکیوں میں بلوغت کا عمل پہلے سے کہیں جلد شروع ہو رہا ہے، جو بعد کی زندگی میں صحت کے کئی مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ کیا دادا، دادی کی ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کی تاریخ بھی اس پر اثر ڈال سکتی ہے؟

ماہرین نے بتایا کہ انہیں اس بات پر حیرت ہوئی کہ باپ کی ماحولیاتی نمائش کا اثر نہ صرف بیٹی بلکہ پوتی کی بلوغتی صحت پر بھی نمایاں رہا۔

یہ پہلا مطالعہ ہے جو آبادی کی سطح پر دکھاتا ہے کہ مرد کا ماحول اگلی دو نسلوں کی تولیدی نشوونما کو متاثر کر سکتا ہے۔