صحت

ساحلی علاقوں میں رہنے والے افراد کی عمر نسبتاً زیادہ ہوتی ہے، تحقیق میں انکشاف

شہری علاقوں میں دریا یا جھیل کے کنارے رہنے والے افراد کو آلودگی، غربت، محفوظ تفریحی مواقع کی کمی اور سیلاب جیسے خطرات کا زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے، تحقیق

حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ساحلی علاقوں میں رہنے والے افراد کی اوسط عمر دیگر علاقوں میں رہنے والوں سے زیادہ ہوتی ہے۔

طبی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، امریکا میں کیے گئے ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ سمندر یا اس کے قریبی علاقوں میں رہتے ہیں، ان کی زندگی عام لوگوں کے مقابلے میں ایک سال یا اس سے بھی زیادہ طویل ہو سکتی ہے۔

تحقیق کے دوران امریکا کے 66 ہزار سے زائد علاقوں کا ڈیٹا دیکھا گیا، جن میں رہائش، اوسط عمر اور پانی کے ذرائع کے قریب ہونے کی معلومات شامل تھیں۔

ماہرین کے مطابق جو افراد سمندر یا اس سے 30 میل کے اندر رہتے ہیں، وہ اوسطاً 79 سال سے زائد زندہ رہتے ہیں، جب کہ شہروں میں دریا یا جھیل کے قریب رہنے والے افراد کی اوسط عمر تقریباً 78 سال پائی گئی۔

تحقیق کے مطابق ساحلی علاقوں میں طویل عمر کی ممکنہ وجوہات میں معتدل موسم، صاف ہوا، جسمانی سرگرمی کے زیادہ مواقع، بہتر سفری سہولیات، خشک سالی کا کم خطرہ اور بہتر آمدنی شامل ہیں۔

اس کے برعکس، شہری علاقوں میں دریا یا جھیل کے کنارے رہنے والے افراد کو آلودگی، غربت، محفوظ تفریحی مواقع کی کمی اور سیلاب جیسے خطرات کا زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل بھی مختلف تحقیقات میں پانی کے قریب رہائش کو بہتر صحت، زیادہ جسمانی سرگرمی، کم موٹاپے اور دل کی اچھی صحت سے جوڑا گیا ہے، لیکن یہ پہلی تحقیق ہے جس میں امریکا کے مختلف آبی علاقوں اور انسانی عمر کے درمیان تعلق کو تفصیل سے جانچا گیا ہے۔

ڈیمینشیا کی تشخیص میں اوسطاً ساڑھے تین سال لگتے ہیں، تحقیق میں انکشاف

بکری کا دودھ پٹھوں کی صحت کے لیے گائے کے دودھ سے زیادہ فائدہ مند قرار

زخم کا مکمل علاج ہونے کے بعد بھی درد کیوں نہیں جاتا؟ نیا انکشاف