بچپن کی مشکلات عمر رسیدہ افراد کی ذہنی صحت کو متاثر کرتی ہیں، تحقیق
حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بچپن کی مشکلات عمر رسیدہ افراد کی ذہنی صحت پر طویل عرصے تک اثر ڈال سکتی ہیں۔
طبی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق بچپن میں دوستوں کی کمی بزرگوں میں خودکشی کے خیالات بڑھنے کا سبب بن سکتی ہے۔
تحقیق فن لینڈ کی یونیورسٹی آف ہیلسنکی کے محققین نے کی، جس میں 50 سال یا اس سے زائد عمر کے 46 ہزار سے زائد افراد کا جائزہ لیا گیا۔
اس دوران مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے بچپن کے حالات اور بزرگوں میں ذہنی صحت پر ان کے اثرات کا تجزیہ کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ بچپن کے معاشی مشکلات، صحت کے مسائل اور والدین کے ساتھ تعلقات میں مشکلات بزرگوں میں خودکشی کے خیالات کے امکانات بڑھا دیتے ہیں، خاص طور پر بچپن میں دوستوں کی کمی ایک اہم عنصر کے طور پر سامنے آئی ہے۔
یہ تحقیق پہلی بار واضح کرتی ہے کہ بچپن کی مشکلات کا اثر عمر رسیدہ افراد کی ذہنی صحت پر طویل عرصے تک پڑ سکتا ہے، اس سے قبل کی جانے والی تحقیقات میں بچپن کی مشکلات کو نوجوانوں اور بالغوں میں خودکشی کے خیالات سے جوڑا گیا تھا، لیکن یہ تحقیق بزرگوں پر اس کے اثرات کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خودکشی کی روک تھام کے لیے صرف موجودہ عمر کے افراد پر توجہ دینا کافی نہیں، بلکہ بچپن کے حالات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
ان کے مطابق بچپن میں مثبت سماجی تعلقات، جیسے دوستوں کے ساتھ اچھے تعلقات، ذہنی صحت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔