شادی مجموعی صحت کے لیے فائد مند، خوشی اور سکون کا بھی سبب، تحقیق
امریکا اور جاپان میں کی جانے والی ایک طویل اور منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ شادی انسان کی مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے، اس سے خوشی اور سکون بھی حاصل ہوتا ہے۔
طبی ویب سائٹ کے مطابق امریکا کی مشی گن یونیورسٹی اور سنگاپور مینجمنٹ یونیورسٹی کی ایک مشترکہ تحقیق کے مطابق شادی سے لوگوں کی صحت اور خوشی میں نمایاں بہتری آتی ہے۔
تحقیق میں امریکا اور جاپان کے تقریباً 5,000 بالغ افراد کو شامل کیا گیا، جن میں سے 3,505 شادی شدہ اور 308 غیر شادی شدہ امریکی جب کہ 710 شادی شدہ اور 164 غیر شادی شدہ جاپانی تھے۔
تحقیق سے پتہ چلا کہ غیر شادی شدہ افراد کی نسبت شادی شدہ افراد کی صحت اور زندگی پرسکون اور اطمینان بخش ہوتی ہے۔
تحقیق میں شامل امریکی شادی شدہ افراد نے بتایا کہ انہیں اپنے خاندان سے زیادہ تعاون ملتا ہے، جس سے ان کی خوشی میں اضافہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں شامل غیر شادی شدہ امریکیوں اور جاپانیوں نے خاندانی دباؤ کی شکایت کی اور کہا کہ خاندانی اور سماجی دباؤ کی وجہ سے ان کی خوشی متاثر ہوتی ہے جب کہ بعض افراد نے کہا کہ وہ دباؤ کے اثر کو محسوس نہیں کرتے۔
تحقیق کا حصہ بننے والی امریکی غیر شادی شدہ افراد نے بتایا کہ وہ اکثر تنہائی اور جذباتی حمایت کی کمی محسوس کرتے ہیں جبکہ جاپانی غیر شادی شدہ افراد خاندانی دباؤ سے نمٹنے کے لیے مختلف طریقے اپناتے ہیں اور وہ خاندان سے دوری بھی اختیار کرنے سے گریز نہیں کرتے۔
حقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ جاپان میں شادی کے بارے میں معاشرتی توقعات کی وجہ سے لوگ خاندانی دباؤ کو زیادہ برداشت کر لیتے ہیں لیکن طویل مدت میں یہ دباؤ تنہائی یا پچھتاوے کا باعث بن سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ غیر شادی شدہ افراد کو شادی شدہ افراد جیسے کچھ فوائد حاصل ہو سکتے ہیں لیکن معاشرتی حیثیت کے لحاظ سے وہ شادی شدہ افراد سے پیچھے رہتے ہیں۔
ماہرین نے کہا کہ خصوصی طور پر ایشیائی ممالک غیر شادی شدہ افراد کی مشکلات زیادہ ہوتی ہیں، کیوں کہ وہاں بغیر شادی کے ساتھ رہنا کم قبول کیا جاتا ہے۔