ممبئی: بالی وڈ اداکارہ سری دیوی نے کہا کہ فلم ’’انگلش ونگلش‘‘ نے کئی خواتین کی زندگی بدلی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلم انڈسٹری کی خوبرو اور لیجنڈ اداکارہ سری دیوی نے فلمی دنیا میں واپسی کے بعد ہٹ فلم ’’انگلش ونگلش‘‘ میں کام کیا ہے۔
فلم میں اداکارہ نے گھریلو خاتون کا کردار ادا کیا جو اپنے اہل خانہ کا زندگی کے بارے میں نظریہ بدلنے کے لئے انگریزی زبان سیکھتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ فلم کا بہت اچھا رسپانس رہا، کئی خواتین نے فلم دیکھنے کے بعد یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئی ہے یہاں تک کہ ان کی بیٹی جھانوی نے انہیں بتایا ہے کہ اس کی ساتھی طلباء و طالبات نے فلم دیکھنے کے بعد اپنے والدین سے معافی طلب کی جو کہ ان کے خیال میں ایک مثبت نتیجہ ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ فلم اچھے موضوع پر بنائی گئی تھی، انہیں خوشی ہے کہ وہ فلم کا حصہ بنیں جس نے خواتین اور بچوں کی زندگی بدل کر رکھ دی۔