اسلام آباد: امریکی تعاون سے پاکستانی طلباء اور پروفیشنلز کے لئے ماسٹرز اور پی ایچ ڈی فل برائٹ پروگرام دو ہزار چودہ کو لانچ کیا جارہا ہے اس پروگرام کے تحت دوسو پاکستانی طلباء امریکہ میں اپنی تعلیم مکمل کریں گے.
ڈان نیوز کے مطابق اس موقع پر یو ایس ایجوکیشن فائونڈیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹا اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے اعلی تعلیم نہایت اہم ہے، اس پروگرام سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی پیدا ہوگی.
تقریب میں شریک سابق فل برائٹ طلباء کا کہنا تھا کہ انہوں نے دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کی ہے اور اب وہ اس تعلیم کو ملک کی فلاح و بہود کیلئے استعمال کررہے ہیں۔
فل برائٹ سکالر شپ پروگرام کے منتظمین کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام سترہ مختلف شعبوں کیلئے اسکالرشپس مہیا کرتا ہے، پاکستانیوں کو چاہئے کہ پروگرام کے تمام شبعوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں۔