Dawn News Television

شائع 02 مارچ 2013 12:42pm

سلمان رشدی القاعدہ کی ہٹ لسٹ پر

ہندوستان میں پیدا ہونے والے برطانوی مصنف سلمان رشدی کا نام القاعدہ کی ہٹ لسٹ پر ہے۔

کالعدم انتہا پسند گروپ نے اپنے ایک آن لائن انگریزی میگزین کے تازہ شمارے میں ان لوگوں کی فہرست جاری کی ہے جو اسلام پر تنقید کی وجہ سے گروپ کی ہٹ لسٹ پر ہیں۔ سلمان رشدی اس فہرست میں صف اول پر موجود ہیں۔

ہندوستان ٹائمزکے مطابق انسپائیر میگزین کے جس مضمون میں یہ فہرست دی گئی ہے اس کا عنوان 'اسلام کے خلاف جرائم میں مطلوب: زندہ یا مردہ' ہے۔

خیال رہے کہ ایران کے مرحوم رہنما آیت اللہ خامینی نے 1989 میں سلمان رشدی کی کتاب 'دی سیٹینیک ورسز' کے کچھ متنازعہ حصوں پر ان کے خلاف قتل کا فتوی جاری کیا تھا۔

اس فتوی کے بعد ایران کی خورداد فاؤنڈیشن نے رشدی کو ہلاک کرنے کا انعام پانچ لاکھ پاؤنڈ سے بڑھا کر پچیس لاکھ پاؤنڈ کر دیا تھا۔

برطانوی روزنامہ دی سن کے مطابق اس میگزین میں امریکی پادری ٹیری جونز کا نام بھی شامل ہے، جنہوں نے 11/9 کی برسی پر قرآن جلایا تھا۔

کالعدم انتہا پسند گروپ کا یہ ویب میگزین واشنگٹن ڈی سی میں مشرق وسطٰی میڈیا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے پیش کیا جاتا ہے۔

Read Comments