کوئٹہ: بلوچستان کی نگراں حکومت نے بدھ کے روز تیرہ سابق صوبائی وزراء کیخلاف ریفرنس الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی) کو بھجوادیا ہے۔ یہ ریفرنس وزرا کی جانب سے سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے پر بھیجا گیا ہے ۔
بلوچستان کی صوبائی حکومت کے ایک ترجمان کے مطابق آٹھ سابق صوبائی وزیر اپنے عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد اب بھی سرکاری گاڑیاں استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پانچ وزرا نے کراچی اور اسلام آباد میں واقع بلوچستان ہاؤسز کے بل بھی ادا نہیں کئےہیں۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ تمام سابق وزرا تک بار بار رسائی کے بعد انہیں گاڑیاں واپس کرنے کو کہا گیا لیکن انہوں نے آفیشلز کو کوئی جواب نہیں دیا۔
' آخری حربے کے طور پر حکومت اب ان کے خلاف ریفرنسز دائر کررہی ہے،' انہوں نے کہا ۔
ان میں سے بعض وزرا اگلے عام انتخابات میں حصہ لینے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔