دل' کی باتیں'
مارچ کے آخری ہفتے کے دوران مجھے شکاگو سے کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس جانے کا موقع ملا-
یہاں میرا قیام اورنج کاؤنٹی کے نواحی علاقہ اروائن میں منزّہ احمد کے گھرتھا- منزّہ تقریباً پندرہ سال سے اپنے شوہر عاطف احمد اور بچوں کے ساتھ امریکہ میں مقیم ہیں اور یہاں کی سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں وقتاً فوقتاً حصہ لیتی رہتی ہیں-
منزّہ نے مجھے بتایا کہ آجکل وہ ایک تعلیمی پروگرام کے لئے فنڈ جمع کرنے کے سلسلے میں سالانہ واک میں حصہ لینے کی تیاری کر رہی ہیں جو اسی سال پانچ مئی کو اروائن میں ہوگی- میری دلچسپی اس واک میں بڑھ گئی کیونکہ خود میرا تعلق بھی شعبہ تعلیم سے رہا ہے-
میں نے منزّہ سے مزید تفصیلات جاننا چاہیں تو انہوں نے مجھے بتایا کہ اس واک کا اہتمام "ڈی آئی ایل" (ڈیویلپمنٹ ان لٹریسی) نامی تنظیم کی جانب سے کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے کی ایک میٹنگ 26 مارچ بروز منگل ہوگی جس میں خود وہ بھی شریک ہونگی- میں نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی خواہش ظاہر کی-
یہ میٹنگ اس تنظیم کی نئی منتخب صدر تہمینہ کی جانب سے بلائی گئی تھی تاکہ وہ اپنی تنظیم کے اراکین سے متعارف ہوں اور آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں غور و فکر کیا جائے- ہم وہاں پہنچے تو میں نے تقریباً پچاس خواتین کو موجود پایا- ان میں نوجوان لڑکیاں بھی تھیں اور عمر رسیدہ خواتین بھی-
ہم چونکہ وقت مقرّرہ سے بھی کچھ پہلے پہنچ گئے تھے اس لئے مجھے وہاں موجود لوگوں سے گھل مل جانے کا موقع بھی ملا- پتہ چلا کہ ان میں سے کچھ تو اخبار"ڈان" کیلئے بھی کام کرچکی ہیں- تنظیم کی فاؤنڈر ممبر فضا شاہ سے بھی میری ملاقات ہوئی جو اس تنظیم کی چیف ایگزیکیوٹو آفیسربھی ہیں-
میٹنگ شروع ہوئی تو فضا شاہ نے اپنی تنظیم کے بارے میں مختصراً بتایا- "دل" کے نام سے یہ تنظیم جس کا مقصد پاکستان میں تعلیم کا فروغ ہے امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے قائم کی گئی ہے اور تقریباً پندرہ سال سے سرگرم عمل ہے- پاکستان میں یہ تنظیم سنہ 2000ء میں رجسٹرکی گئی- اب امریکہ کے نو مختلف شہروں مثلاً نیو یارک، واشنگٹن ڈی.سی، کیلیفورنیا کےعلاوہ بین الاقوامی سطح پردنیا کے مختلف ممالک مثلاً برطانیہ اور کینیڈا میں بھی اس کے دفاتر قائم ہیں-
اس تنظیم کے سرپرستوں میں محترمہ نفیس صادق کا نام بھی شامل ہے جو آجکل اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کی خصوصی مشیر ہیں- بورڈ کے مشیروں میں اور لوگوں کے علاوہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی بھی شامل ہیں جو ہمارے ملک کی جانی پہچانی شخصیت ہیں اور امریکہ میں پاکستان کی سفیر بھی رہ چکی ہیں-
تنظیمی امور امریکہ میں واقع بورڈ آف ڈائریکٹرز کے علاوہ پاکستان میں واقع بورڈ آف ٹرسٹیز کی جانب سے چلائے جاتے ہیں- اس کے علاوہ کثیر تعداد میں رضاکارانہ طور پر کام کرنے والی عورتیں اور مرد اس تنظیم کی مدد کرتے ہیں-
مقاصد پرروشنی ڈالتے ہوئے مقررین نے بتایا کہ "دل" کا مقصد پاکستان کے دیہی علاقوں میں جہاں تعلیم کی سہولیات میسر نہیں ہیں معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے- اس مقصد کیلئے تنظیم کی جانب سے چھوٹے چھوٹے دیہاتوں میں اسکول قائم کئے جاتے ہیں، اساتذہ بھی انہی علاقوں سے بھرتی کئے جاتے ہیں اور تنظیم انھیں ٹریننگ بھی دیتی ہے-
ذریعہ تعلیم بچوں کی مادری زبان ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ انھیں اردو اور انگریزی بھی پڑھائی جاتی ہے- نصاب تعلیم پاکستان کے قومی نصاب پر مشتمل ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ "دل" اپنی تیار کی ہوئی کتابیں بھی استعمال کرتا ہے تاکہ تعلیم کو دلچسپ اور نئے زمانے کی ضروریات کے مطابق بنایا جاسکے- میٹنگ میں بتایا گیا کہ آجکل سکائپ کے ذریعہ انگریزی پڑھانے کی تربیت دینے کا منصوبہ بھی زیرغور ہے-
