دنیا

انڈیا میں پاکستانی قیدی ثنااللہ انتقال کرگئے

ہندوستانی جیل میں قید ثنا اللہ پر گزشتہ جمعے کو حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔

نئی دہلی: ہندوستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کی جیل کوٹ بھلوال میں تشدد کا نشانہ بنے والے ایک پاکستانی قیدی ثنا اللہ چندی گڑھ کے ہسپتال میں انتقال کرگئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان نے ہندوستان سے ثناءاللہ کے واقعہ پر تفتیش کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے ہندوستان سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ سزا پوری کرنے والے 47 پاکستانی قیدی کو فوری رہا کرے۔

بیان میں دفتر خارجہ کی جانب سے ثنااللہ کے گھر والوں سے تعزیت کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق ثنااللہ کی لاش کو پاکستان لانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس میں ہندوستان کا تعاون درکاری ہے ۔

یاد رہے کہ ثنا اللہ پر گزشتہ جمعے کو حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔

اس دوران پاکستانی قیدی ثنااللہ مسلسل کومے کی حالت میں وینٹی لیٹر پر تھے۔

اس سے پہلے ثنا اللہ کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے ایک تازہ ترین میڈیکل رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق ثنااللہ کی دماغی موت ہوچکی تھی۔

ہندوستانی جیل میں قید پاکستانی قیدی ثنا اللہ کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے ایک پسماندہ گاؤں اورہ سے ہے جہاں ان کی موت کی خبر پہنچتے ہی لوگوں میں شدید غم اور غصہ پایا جاتا ہے۔

دو روز  پہلے ہی ثنااللہ کے اہل خانہ ہندوستان پہنچے تھے، جہاں پر انہوں نے ہسپتال میں ثنا اللہ کی عیادت بھی کی تھی۔

واضح رہے کہ ثنااللہ پر اُس وقت حملہ کیا گیا جب ایک روز قبل ہی پاکستانی جیل میں بیس برسوں سے قید ہندوستانی قیدی سربجیت سنگھ جیل میں ہوئے ایک حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد چل بسے تھے۔