دلدار پرویز بھٹی کی 20 ویں برسی

اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2014
دلدار پرویز بھٹی — اسکرین شاٹ
دلدار پرویز بھٹی — اسکرین شاٹ

پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو کے نامور کمپیئر، کالم نگار اور مصنف دلدار پرویز بھٹی کی 20 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔

وہ 30 نومبر 1948 کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم بھی ادھر ہی حاصل کی۔

دلدار بھٹی نے اپنے کریئر کا آغاز بطور مدرس کیا تھا اور ساہیوال کے گورنمنٹ کالج میں لیکچرار تعینات ہوئے۔

مختصرعرصے ميں سينکڑوں دلوں ميں گھر کرنے والے ٹی وی اور ريڈيو کے ہر دلعزيز کمپیئر اپنی حاضر جوابی میں بے مثال تھے۔

بيک وقت اردو، انگريزی اور پنجابی زبانوں پر عبور، ان کی پہچان کی وجہ بنا اور اِن تينوں زبانوں ميں برجستہ مزاح ان کی کمپیئرنگ کا خاصہ تھا۔

پی ٹی وی کو پنجابی میں پہلا کوئز شو شروع کرنے کا آئیڈیا دلدار پرویز بھٹی نے دیا اور 'ٹاکرا' نامی اس پروگرام سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔

اس کے علاوہ میلہ، یادش بخیر، اور پنجند جیسے مقبول عام پروگرام بھی کامیابی سے پیش کئے۔

وہ پی ٹی وی سے 1974 سے 1994 تک منسلک رہے اور اس دوران انھوں نے کمپیٔرنگ کو نئی جہتوں سے روشناس کرایا اور اپنے علم و فراست، شائستگی اور حاضر دماغی سے لاکھوں دلوں میں جگہ بنائی۔

انہوں نے ٹی وی پر جواں فکر کے نام سے بھی پروگرام پیش کیا اور اخبارات میں کالم بھی لکھتے رہے اور اپنی زندگی میں تین کتابوں کو تحریر کیا، جن ميں 'دلدارياں، آمنا سامنا اور دلبر دلبر' نماياں ہيں۔

30 اکتوبر 1994 میں امریکہ میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لئے فنڈز جمع کرنے کے دوران دماغ کی شریان پھٹ جانے سے دلدار پرویز بھٹی کا انتقال ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں